مسلم لیگ (ق) کے ارکانِ اسمبلی کی شہباز شریف سے ملاقات
حکومت کی اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) کے دو ارکان اسمبلی طارق بشیر چیمہ اور چوہدری سالک حسین نے شہباز شریف سے اسمبلی میں ملاقات کی ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق یہ دونوں ارکان حزبِ اختلاف کی حمایت کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ (ق) کے اسمبلی میں پانچ ارکان ہیں جن میں مونس الٰہی، حسین الٰہی، فرخ خان، چوہدری سالک حسین اور طارق بشیر چیمہ شامل ہیں۔
واضح رہے کہ رکنِ قومی اسمبلی طارق بشیر چیمہ نے پہلے ہی اعلان کر دیا تھا کہ وہ تحریکِ عدم اعتماد کے حق میں ووٹ دیں گے۔
مسلم لیگ (ق) کے ارکان کی شہباز شریف سے ملاقات کے بعد اپوزیشن جماعتوں کے رہنما دعویٰ کر رہے ہیں کہ ان کو 176 ارکان کی حمایت حاصل ہو گئی ہے۔
نئے نامزد گورنر پنجاب عمر چیمہ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار
پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے وفاقی حکومت کی جانب سے نئے نامزد کردہ گورنر پنجاب عمر چیمہ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
فیصل جاوید کے مطابق عمر چیمہ عمران خان کی تحریک انصاف کے نظریاتی رکن ہیں۔
اسلام آباد کے ریڈزون سے پی ٹی آئی کی خواتین کارکنان زیرِ حراست
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کچھ خواتین کارکنان اسلام آباد کے ریڈ زون پہنچنے میں کامیاب ہوئی تھیں جن کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق یہ خواتین عمران خان اور تحریک انصاف کے حق میں نعرے بازی بھی کر رہی تھیں۔
پنجاب اسمبلی میں نئے قائدِ ایوان کا انتخاب، اسمبلی کے باہر کیا صورتِ حال ہے؟
پنجاب اسمبلی میں آج نئے قائدِ ایوان کے لیے انتخاب ہوگا۔ وزارتِ اعلیٰ کے لیے چوہدری پرویز الٰہی اور حمزہ شہباز میں مقابلہ ہے۔ ارکان اجلاس کی کارروائی کے لیے اسمبلی پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔