عمران خان نگراں وزیرِ اعظم کی تعیناتی تک کام جاری رکھیں گے: صدرِ پاکستان
صدرِ پاکستان نے نگراں وزیرِ اعظم کی تعیناتی تک عمران خان کو وزارتِ عظمیٰ کے منصب پر کام جاری رکھنے کا کہہ دیا ہے۔
صدارتی دفتر نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ عمران خان آئین کے آرٹیکل 224 اے فور کے تحت کام جاری رکھیں گے۔
سپریم کورٹ کا لارجر بینچ آج از خود نوٹس کی سماعت کرے گا
پاکستان میں پیدا ہونے والے آئینی بحران پر سپریم کورٹ کا پانچ رکنی لارجر بینچ آج از خود نوٹس کی سماعت کرے گا۔
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال لارجر بینچ کی سربراہی کریں گے جب کہ دیگر ججز میں جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس مظہر عالم، جسٹس منیب اختر اور جسٹس جمال خان مندوخیل شامل ہیں۔
چیف جسٹس آف پاکستان نے اتوار کو پاکستان کے پارلیمان میں ہونے والی کارروائی کے بعد پیدا ہونے والے آئینی بحران کا نوٹس لیتے ہوئے پانچ رکنی لارجر بینچ تشکیل دیا تھا۔
آئینی بحران کا کیس فل کورٹ کو سننا چاہیے: سعد رفیق
مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ آئین کی سنگین خلاف ورزی کے کیس کی سماعت سپریم کورٹ کے فل کورٹ پر مشتمل بینچ کو کرنا چاہیے۔
سعد رفیق نے ایک ٹوئٹ میں مطالبہ کیا کہ غیر ملکی سازش کا تماشہ بھی سپریم کورٹ میں ہی بے نقاب ہونا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کوئی بھی ریاست اور آئین سے بالاتر نہیں اور آئین و قانون کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔
سپریم کورٹ جو بھی فیصلہ کرے جلد کرے: انصار عباسی
صحافی انصار عباسی کہتے ہیں آئینی بحران کے کیس میں سپریم کورٹ جو بھی فیصلہ کرے جلد کرے۔ ایک ٹوئٹ میں انصار عباسی نے کہا کہ عدالت جلد فیصلہ کرے تاکہ ملک موجودہ سیاسی و معاشی عدم استحکام سے جلد از جلد نکلے۔