الیکشن کی تیاری کے لیے پارٹی کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس طلب کر لیا: اسد عمر
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ ان کی جماعت نے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس منگل کو طلب کر لیا اور یہ اجلاس الیکشن کی تیاری اور ٹکٹوں کی تقسیم سے متعلق ہو گا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ نئے انتخابات میں 89 دن رہ گئے ہیں اس لیے وہ پارٹی کو متحرک کرنا چاہتے ہیں تاکہ ان کی جماعت کی جانب سے الیکشن لڑنے والے اپنی تیاریاں کر سکیں۔
پہلی حکومت ہے جس نے دشمن کی سازش کو ناکام بنایا: شہباز گل
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ پہلی حکومت ہے جس نے دشمن کی سازش کو ناکام بنانے کے لیے خود اپنے ہاتھ سے اپنا خاتمہ کر دیا۔
شہباز گل کے بقول وفاداری کا اصول راشد منہاس طے کر گئے تھے۔ اگر زندگی دشمن کی قید و غلامی میں ہو گی تو اپنے ہاتھوں آپ زندگی ختم کر کے غلامی سے انکار کر دو۔ پوری قوم کو فخر ہے ان پر۔ غلامی کسی صورت قبول نہیں۔
اخبارات کے اسٹالز پر رش
پاکستان میں صدر عارف علوی کی جانب سے قومی اسمبلی تحلیل کیے جانے کے بعد سیاسی فضا بے یقینی کا شکار ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شہری خبروں کی تلاش میں ہیں جس کے لیے انہوں نے اخبارات کے اسٹالز کا رخ کر لیا ہے۔
صدرِ پاکستان کا نگراں وزیرِ اعظم کی تعیناتی کے لیے خط
صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے نگراں وزیرِ اعظم کی تعیناتی کے لیے وزیرِ اعظم عمران خان اور شہباز شریف کو خط لکھ دیا ہے۔
صدرِ کے دفتر کے خط میں کہا گیا ہے کہ وزیرِ اعظم اور سبکدوش اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر مناسب شخص کا نام تجویز کریں۔