عمران خان نے جمعے کو کابینہ کا اجلاس طلب کر لیا
وزیر اعظم نے جمعے کو کابینہ کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔ انہوں نے اپنی ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس بھی کل ہوگا اور وہ کل رات قوم سے خطاب بھی کریں گے۔
پاکستان کی سپریم کورٹ نے ڈپٹی اسپیکر کی جانب سے تحریک عدم اعتماد مسترد کرنے اور بعد ازاں اسمبلی کی تحلیل اور نئے انتخابات کے لیے صدارتی حکم نامے کے خلاف فیصلہ سناتے ہوئے قومی اسمبلی بحال کر دی ہے اور 9 اپریل کو عدم اعتماد کی تحریک پر ووٹنگ کرانے کا حکم دیا ہے۔
عدالتی فیصلے نے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا: شیری رحمٰن
پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ آئین کی بالادستی اور جمہوریت کے استحکام کے لئے نظریہ ضرورت کو دفن کرنا ضروری تھا۔
ان کے بقول عدالت کا فیصلہ سب کے لیے پیغام ہے کہ آئین سے بالاتر کوئی بھی نہیں۔ اسپیکر کی رولنگ اور اسمبلی تحلیل کرنے کا عمل غیر آئینی تھا۔
ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری کا ٹوئٹ
پی ٹی آئی اپوزیشن بینچز پر بیٹھنے کو تیار نہیں: صحافی نصراللہ ملک کا دعویٰ
صحافی نصراللہ ملک نے دعویٰ کیا ہے کہ حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف اپوزیشن بنچز پر بیٹھنے کو تیار نہیں۔
انہوں نے ایک ٹوئٹ میں یہ دعویٰ بھی کیا کہ عمران خان آج پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں تعداد دیکھ کر تمام اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کریں گے۔ ان کے بقول سیاسی گروپ نے عمران خان کو فیصلہ تبدیل کرنے کا مشورہ دیا ہے لیکن وہ ماننے کو تیار نہیں۔