رسائی کے لنکس

Shehbaz Sharif
Shehbaz Sharif

کسی کو ڈکٹیشن دینے کی ضرورت نہیں، الیکشن کب ہوں گے یہ فیصلہ پارلیمنٹ کو کرنا ہے: شہباز شریف

11:28 8.4.2022

عدم اعتماد کی تحریک پر ووٹنگ کس طرح ہوگی؟

فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کارروائی نو اپریل کو دوبارہ وہیں سے شروع کی جائے گی جہاں سے یہ سلسلہ منقطع ہوا تھا۔

قومی اسمبلی کا ایوان ہفتے کو یہ فیصلہ کرے گا کہ انہیں وزیرِ اعظم عمران خان پر اعتماد ہے یا نہیں۔ اسمبلی اراکین وزیرِ اعظم کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد پر رائے شماری اوپن ووٹ کے ذریعے کریں گے جس کاہرگز یہ مطلب نہیں کہ وزیرِ اعظم کو بیلٹ کی شکل میں ووٹ دیا جائے گا جسے ارکان ایک باکس میں ڈالیں گے۔

بلکہ اسمبلی کی کارروائی کے آغاز سے قبل ایوان میں گھنٹیاں بجائی جائیں گی تا کہ عمارت میں موجود اراکین اسمبلی ہال میں آ جائیں جس کے بعد ہال کے دروازے بند کرنے کے بعد باقاعدہ کارروائی کا آغاز ہو گا۔

مزید پڑھیے

11:39 8.4.2022

نئے وزیرِ اعلیٰ پنجاب کا انتخاب، حمزہ شہباز کی درخواست پر اعتراض

فائل فوٹو
فائل فوٹو

لاہور ہائی کورٹ آفس نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے انتخابات کرانے کے لیے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کی درخواست پر اعتراض لگا دیا ہے۔

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس امیر بھٹی کچھ دیر بعد ہائی کورٹ آفس کی جانب سے لگائے جانے والے اعتراض پر سماعت کریں گے۔

حمزہ شہباز نے درخواست میں اسپیکر پرویز الہیٰ، ڈپٹی اسپیکر اور دیگر کو فریق بنایا ہے۔ درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ یکم اپریل سے چیف منسٹر پنجاب کا عہدہ خالی ہے اس لیے عدالت سے استدعا ہے کہ پنجاب اسمبلی کا اجلاس بلا کر فوری وزیرِ اعلیٰ کے انتخاب کرانے کے احکامات دیے جائیں۔

حمزہ شہباز نے عدالت سے یہ درخواست بھی کی کہ پنجاب اسمبلی کے احاطے کو سیل کرنے کا اقدام بھی غیر قانونی قرار دیا جائے۔

15:25 8.4.2022

قومی اسمبلی کا اجلاس ہفتے کو ساڑھے دس بجے طلب، تحریکِ عدم اعتماد ایجنڈے میں شامل

پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد پر رائے شماری کے لیے قومی اسمبلی کا اجلاس ہفتہ کی صبح ساڑھے دس بجے طلب کر لیا گیا ہے۔

سپریم کورٹ نے جمعرات کو اپنے تاریخی فیصلے میں ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کو خلافِ آئین قرار دیتے ہوئے قومی اسمبلی بحال کرنے اور وزیرِاعظم کے خلاف عدم اعتماد پر ووٹنگ کا حکم دیا تھا۔

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے جمعہ کو اجلاس کے جاری کیے گئے ایجنڈے میں وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد پر رائے شماری شامل ہے۔

حزبِ اختلاف نے اپنے اراکین اسمبلی کو اجلاس میں شرکت کی تاکید کر رکھی ہے تاہم تحریکِ انصاف نے اس حوالے سے اپنی حکمتِ عملی کا اعلان نہیں کیا ہے۔

امکان ہے کہ وزیراعظم عمران خان آج قوم سے خطاب میں اپنی حکمتِ عملی بیان کریں گے۔

یاد رہے کہ حزب اختلاف نے آٹھ مارچ کو قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی ریکوزیشن اور تحریکِ عدم اعتماد قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرائی تھی جس کے بعد سے اراکینِ اسمبلی اسلام آباد میں ہی قیام کیے ہوئے ہیں۔

امکان کیا جا رہا ہے کہ ملک میں بڑھتے ہوئے سیاسی درجۂ حرارت کے باعث وزیرِاعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد پر رائے شماری کے لیے بلایا گیا یہ اجلاس ہنگامہ خیز رہے گا۔

16:13 8.4.2022

بیرونی سازش کی تحقیقات کے لیے لیفٹننٹ جنرل (ر) طارق خان کی سربراہی میں کمیشن قائم کرنے کا فیصلہ

وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان میں حکومت کی تبدیلی کے لیے دھمکی آمیز مراسلے کی تحقیقات کے لیے لیفٹننٹ جنرل (ر) طارق خان کی سربراہی میں کمیشن قائم کیا جا رہا ہے۔

اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کمیشن یہ تعین کرے گا کہ مراسلہ ہے یا نہیں اور اس کے مقامی سہولت کار کون تھے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کمیشن 90 روز میں اپنی تحقیقات مکمل کرے گا۔ کمیشن منحرف اراکین کے غیر ملکی سفارت خانے سے رابطوں کی بھی تحقیقات کرے گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اگر آج پاکستان کے عوام اپنی آزادی کے لیے نہ کھڑے ہوئے تو ملک 23 مارچ 1940 والی سطح پر چلا جائے گا۔

اُن کا کہنا تھا کہ ایک سلیکٹڈ حکومت ہمارے اُوپر مسلط ہو گی جس کی ڈوریاں باہر سے ہلائی جا رہی ہوں گی اور ہم ایک محکوم قوم بن جائیں گے۔

فواد چوہدری نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پارلیمنٹ کی بالادستی خطرے میں پرھ گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریکِ انصاف کی قانونی ٹیم اس فیصلے پر نظرِثانی پر غور کر رہی ہے اور امید کرتے ہیں کہ عدالت اس پر نظرِثانی کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ اور پارلیمان کا اپنا اپنا کام ہے اور اس فیصلے کے بعد پارلیمنٹ کی حاکمیت سپریم کورٹ کو منتقل ہو چکی ہے۔

تحریکِ انصاف کے رہنما کا کہنا تھا کہ ہفتے ہوئے عدمِ اعتماد پر رائے شماری کے لیے ہونے والے قومی اسمبلی اجلاس میں تمام اراکین کے سامنے بیرونی مداخلت کے شواہد اور شہادتیں رکھی جائیں گی تاکہ وہ ان حقائق کی روشنی میں اپنے ووٹ کا فیصلہ کر سکیں۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG