عدم اعتماد کے حق میں ووٹ دینے والے ارکان کی تعداد 176 ہے: مریم اورنگزیب
مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کے حق میں ووٹ دینے والے اپوزیشن ارکان کی تعداد 176 ہے۔
مریم اورنگزیب نے اپنے ایک ٹوئٹ میں اپوزیشن جماعتوں کے ارکان کی تعداد کا ایک چارٹ شیئر کیا ہے۔
ان کے بقول ایوان میں مسلم لیگ (ن) کے 84، پیپلزپارٹی کے 56، متحدہ مجلس عمل 14، عوامی نیشنل پارٹی ایک، بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل چار، متحدہ قومی موومنٹ چھ، بلوچستان عوامی پارٹی چار، مسلم لیگ ق دو اور آزاد ارکان کی تعداد چار ہے۔
اسمبلی اجلاس میں تاخیر، صحافی پریس گیلری میں موجود
اپوزیشن نے تحریکِ عدم اعتماد پر بحث کرنے پر حکومت کے ساتھ کوئی اتفاق نہیں کیا: مریم اورنگزیب
مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت کے ساتھ تحریکِ عدم اعتماد پر بحث کرانے پر کوئی اتفاقِ رائے نہیں ہوا۔
اُن کا کہنا تھا کہ آج کے اجلاس کا ایجنڈا صرف تحریکِ عدم اعتماد پر ووٹنگ ہے۔
انہوں نے کہا کہ حزبِ اختلاف نے اسپیکر کے ساتھ اجلاس میں تحریکِ عدم اعتماد پر بحث کروانے پر اتفاق نہیں کیا۔
اس سے قبل مقامی ذرائع ابلاغ پر یہ خبریں آئیں تھیں کہ حکومت اور اپوزیشن نے شام چھ بجے تک تحریکِ عدم اعتماد پر بحث کرانے پر اتفاق کر لیا ہے جب کہ ووٹنگ افطار کے بعد کرائی جائے گی۔
پینل آف چیئر امجد خان نیازی کی صدارت میں قومی اسمبلی کا اجلاس دوبارہ شروع ہو گیا
وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد پر ووٹنگ کے لیے بلایا گیا قومی اسمبلی کا اجلاس وقفے کے بعد دوبارہ شروع ہو گیا ہے۔
اجلاس کی صدارت پینل آف چیئر امجد خان نیازی کر رہے ہیں۔
وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی ایوان میں اظہارِ خیال کر رہے ہیں۔