رسائی کے لنکس

Shehbaz Sharif
Shehbaz Sharif

کسی کو ڈکٹیشن دینے کی ضرورت نہیں، الیکشن کب ہوں گے یہ فیصلہ پارلیمنٹ کو کرنا ہے: شہباز شریف

11:21 16.4.2022

اسمبلی کا ماحول خراب نہیں کرنے دیں گے: ڈپٹی اسپیکر

فائل فوٹو
فائل فوٹو

پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر دوست مزاری کا کہنا ہے کہ اگر کوئی سمجھ رہا ہے کہ وہ اسمبلی کا ماحول خراب کر سکتا ہے تو وہ اسے ایسا نہیں کرنے دیں گے۔

ہفتے کو نئے قائد ایوان کے انتخاب کے لیے بلائے جانے والے اجلاس کے لیے پنجاب اسمبلی پہنچنے پر دوست مزاری کا کہنا تھا کہ وہ رولز کے مطابق الیکشن کرائیں گے اور اور رزلٹ سب کے سامنے رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وہ میڈیا کے شکر گزار ہیں کہ وہ مثبت کردار ادا کر رہا ہے۔

ڈپٹی اسپیکر کے مطابق کسی بھی جماعت کے منحرف اراکین کو ووٹ ڈالنے کی اجازت ہوگی۔ اس کے بعد پارٹی سربراہ کارروائی کریں گے۔

دوست مزاری نے کہا کہ انہیں اگر کسی نے پیسے دیے ہیں تو ثبوت فراہم کریں۔

11:34 16.4.2022

وقت ثابت کرے گا کہ ڈپٹی اسپیکر ایمان دار ہیں یا نہیں: پرویز الٰہی

مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی
مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی


پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور پنجاب میں وزارت اعلیٰ کے امیدوار چوہدری پرویز الہی کا کہنا ہے کہ وقت ثابت کرے گا کہ ڈپٹی اسپیکر ایمان دار ہیں یا نہیں، کسی کی نیت خراب ہے تو وہ آج سامنے آ جائے گا۔

پنجاب اسمبلی میں ہفتے کو قائد ایوان کے انتخاب کے لیے بلائے جانے والے اجلاس میں شرکت کے لیے آنے والے چوہدری پرویز الہی نے ڈپٹی اسپیکر دوست مزاری پر الزام عائد کیا کہ وہ کہیں اور سے ہدایات لے رہے ہیں۔

چوہدری پرویز الٰہی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ آج کسٹوڈین نہیں ہیں بلکہ وزارتِ اعلیٰ کے امیدوار ہیں۔ ان کی کوشش ہو گی کہ وزیراعلیٰ کا انتخاب شفاف ہو لیکن ان کے بقول انہیں شفاف الیکشن پر شبہات ہیں۔

چوہدری پرویز الہی کا کہنا تھا کہ اگر نمبر پورے نہ ہوتے تو جو اتنے دنوں سے ہو رہا ہے یہ کیسے ہوتا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج پتا چلے گا کہ کون ہاؤس کا کسٹوڈین ہے اور اس کا رویہ کیا ہے۔

11:42 16.4.2022

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری مستعفی

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں۔ ٹوئٹر پر اپنے استعفے کا اعلان کرتے ہوئے قاسم سوری کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کر سکتے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ملکی مفادات اور آزادی کے لیے لڑیں گے اور پاکستان کے تحفظ کے لیے کسی بھی حد تک جائیں گے۔

11:46 16.4.2022

پنجاب اسمبلی کا اجلاس، نئے قائد ایوان کے لیے پرویز الٰہی اور حمزہ شہباز میں مقابلہ

فائل فوٹو
فائل فوٹو


پنجاب اسمبلی کا اہم اجلاس آج ہو رہا ہے جہاں وزیراعلیٰ یعنی ایوان کے قائد کا انتخاب کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ کے لیے پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ق) کے مشترکہ امیدوار چوہدری پرویز الٰہی اور متحدہ اپوزیشن کے امیدوار حمزہ شہباز کے درمیان مقابلہ ہے۔

صوبۂ پنجاب کے نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب آج ہو رہا ہے جہاں اراکین اسمبلی پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ( ق) کے مشترکہ امیدوار پرویز الٰہی اور متحدہ اپوزیشن کے امیدوار حمزہ شہباز میں سے ایک کو قائدِ ایوان منتخب کریں گے۔

مسلم لیگ (ق) کے ذرائع کے مطابق انہیں 188 اراکین کی حمایت حاصل ہے، البتہ متحدہ اپوزیشن کا دعویٰ ہے کہ ان کے ساتھ 199 اراکین ہیں۔

خیال رہے کہ پنجاب میں نئے وزیراعلیٰ یا قائد ایوان کے انتخاب کے لیے اسمبلی میں 186 ووٹ درکار ہیں۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG