وزیرِ مملکت برائے خارجہ اُمور حنا ربانی کھر نے اپنی ذمے داریاں سنبھال لیں
حلف برداری کی تقریب کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) سے تعلق رکھنے والی وزیرِ مملکت حنا ربانی کھر نے اپنی ذمے داریاں سنبھال لیں۔
پاکستانی دفترِ خارجہ کے مطابق حنا ربانی کھر منگل کو دفترِ خارجہ پہنچیں تو سیکریٹری خارجہ سہیل محمود سمیت دیگر حکام نے استقبال کیا۔
حنا ربانی کھر اس سے قبل پیپلزپارٹی کے دورِ حکومت میں شاہ محمود قریشی کے استعفے کے بعد پاکستان کی وزیرِ خارجہ بنیں تھیں۔
ہمارا نعرہ صرف کام، کام اور کام ہے: شہباز شریف
وزیرِ اعظم شہباز شریف سے آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کی ملاقات
پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیرِ اعظم پاکستان شہباز شریف سے وزیرِ اعظم ہاؤس میں ملاقات کی ہے۔
وزیرِ اعظم ہاؤس کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق وزیرِ اعظم اور آرمی چیف نے پیشہ ورانہ اُمور اور قومی سلامتی کے معاملت پر تبادلۂ خیال کیا۔
حکومت کا پاکستان میڈیا ڈیولپمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی ختم کرنے کا اعلان
پاکستان کی نئی حکومت کی وزیرِ اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے اپنی پہلی پریس کانفرنس میں پاکستان میڈیا ڈیویلپمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیکا ایکٹ پر بھی نظر ِثانی کی جائے گی۔
وزارت سنبھالنے کے بعد اسلام آباد میں پہلی پریس کانفرنس میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ گزشتہ دورِ حکومت میں میڈیا انڈسٹری ایک سیاہ دور سے گزری۔ چار سال سے اظہارِ رائے پر پابندی عائد تھی۔
انہوں نے کہا کہ اس دور کے دوران مختلف صحافیوں کے پروگرم بند کرائے گئے۔ میڈیا ورکرز اور رپورٹرز کو دباؤ ڈلوا کر نوکریوں سے نکلوایا گیا۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف آئندہ ایک سے دو دن میں قوم سے خطاب کریں گے۔
مریم اورنگزیب نے سابق حکومت کو مخاطب کر کے کہا کہ چار سال آپ نے جو سیاست کی اسے صحافیوں کے گھروں تک نہیں لے جا سکتے۔ کسی صحافی کے گھر کے باہر مظاہرے بھی برداشت نہیں ہیں۔ وزیرِ اعظم نے بھی آئی جی اسلام آباد کو ہدایت کر دی ہے، جو یہ کام کریں گے سخت سے سخت سزا دی جائے گی۔ یہ حکومت الزام نہیں لگائے گی بلکہ قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ گورنر پنجاب وزیر اعلیٰ سے حلف نہیں لے رہے، صدر بھول چکے ہیں کہ وہ صدر پاکستان ہیں نہ کہ صدر پی ٹی آئی۔ آئینی عہدے کو سیاست کے لیے استعمال کرنا ہے تو عہدے سے علیحدہ ہو جائیں۔