لاہور میں تحریکِ انصاف کے کارکنوں اور پولیس کے درمیان تصادم
پنجاب اسمبلی کی 20 نشستوں پر ضمنی الیکشن 17 جولائی کو ہو گا: الیکشن کمیشن
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تحریکِ انصاف کے منحرف اراکین کے ڈی سیٹ ہونے کے باعث خالی ہونے والی نشستوں پر 17 جولائی کو ضمنی الیکشن کرانے کا اعلان کر دیا ہے۔
خیال رہے کہ پنجاب میں وزارتِ اعلٰی کے انتخاب میں حمزہ شہباز شریف کو ووٹ دینے پر تحریکِ انصاف نے اپنے منحرف اراکین کو نااہل قرار دینے کے لیے الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کیا تھا۔ الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں 25 منحرف اراکین کو ڈی سیٹ کر دیا تھا جن میں 20 جنرل نشستوں پر رُکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔
عمران خان کی قیادت میں قافلہ پشاور سے اسلام آباد کی جانب رواں دواں
پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کی قیادت میں تحریکِ انصاف کا 'حقیقی آزادی مارچ' پشاور سے اسلام آباد کی جانب رواں دواں ہے۔
عمران خان صوابی انٹرچینج کے قریب کنٹینر پر سوار ہو گئے اور کارکنوں کے نعروں کا جواب دیتے رہے۔ عمران خان کے ہمراہ شہباز گل، فیصل جاوید، محمد عاطف، شاہ فرمان اور تحریکِ انصاف خیبرپختونخوا کے دیگر رہنما بھی موجود ہیں۔
تمام رکاوٹیں عبور کر کے ڈی چوک پہنچیں گے: عمران خان
چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ وہ ہر رکاوٹ عبور کر کے ہر صورت ڈی چوک اسلام آباد پہنچیں گے۔
پشاور اسلام آباد موٹروے پر صوابی انٹرچینج پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیرِ اعظم نے اعلٰی عدلیہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں کس قانون کے تحت روکا جا رہا ہے۔
اُن کا کہنا تھا ک جب مریم نواز، بلاول بھٹو اور مولانا فضل الرحمٰن نے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کیا تو حکومت نے کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی تھی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ پیغام دیتے ہیں کہ حکومت چاہے جو بھی کر لے ہم ساری رکاوٹیں عبور کر کے ڈی چوک پر پہنچیں گے۔ اُن کا کہنا تھا کہ ہمارا احتجاج پرامن ہو گا کیوں کہ ماضی میں بھی ہمارا احتجاج پرامن رہا ہے۔
سابق وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم آزاد قوم بنا رہے ہیں جو کبھی کسی کے سامنے نہیں جھکے گی۔ لہذٰا سارے پاکستان سے کہتا ہوں کہ وہ باہر نکلیں اور ملک کی حقیقی آزادی کی جدوجہد میں شریک ہوں۔