رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

18:44 28.12.2020

سوئٹزر لینڈ: برطانوی سیاح قرنطینہ مراکز سے فرار

یورپی ملک سوئٹزر لینڈ کے 'وربیئر اسکائی ریزورٹ' میں قائم قرنطینہ سینٹرز میں موجود درجنوں برطانوی سیاح فرار ہو گئے ہیں۔

مقامی اخبار نے رپورٹ کیا ہے کہ 420 سیاحوں میں سے لگ بھگ 200 سیاح رات کے اندھیرے میں فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔

خیال رہے کہ سوئس حکومت کی طرف سے برطانیہ میں رپورٹ ہونے والی کرونا وائرس کی نئی قسم کے پیش نظر رواں ماہ 14 دسمبر کے بعد آنے والے مسافروں کے لیے 10 روز قرنطینہ میں گزارنا لازمی ہے۔

مقامی حکومت کے ترجمان کے مطابق برطانوی سیاحوں نے فرار ہونے سے پہلے ایک دن قرنطینہ میں گزارا اور پھر وہ کسی کو بتائے بغیر فرار ہو گئے۔

18:40 28.12.2020

جنوبی افریقہ میں کرونا کیسز کی تعداد 10 لاکھ سے متجاوز

جنوبی افریقہ براعظم افریقہ کا پہلا ملک بن گیا ہے جہاں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔

جنوبی افریقہ میں کرونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے اور 'کووڈ 19' سے متاثرہ افراد کی اکثریت کرونا وائرس کی نئی قسم سے متاثر ہوئی ہے۔

وزارتِ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق جنوبی افریقہ میں اب تک 10 لاکھ 4 ہزار سے زائد افراد متاثر اور 26 ہزار سے زائد اموات ہو چکی ہیں۔

کرونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر حکام ایک بار پھر پابندیاں لگانے پر غور کر رہے ہیں اور صدر سرل رامفوسہ رواں ہفتے کے اختتام پر اس سے متعلق ٹی وی پر خطاب کر سکتی ہیں۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق افریقہ میں اب تک 26 لاکھ 58 ہزار سے زائد افراد اس وبا سے متاثر اور 62 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

12:07 28.12.2020

صدر ٹرمپ نے کرونا ریلیف اور حکومتی اخراجات بل پر دستخط کر دیے

حکومتی شٹ ڈاؤن کے منڈلاتے خطرے کے پیشِ نظر امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کانگریس کی جانب سے منظور کردہ 2300 ارب ڈالر کے کرونا ریلیف اور حکومتی اخراجات بل پر دستخط کر دیے ہیں۔

حال ہی میں کانگریس کی جانب سے منظور کیے گئے اس بل کو صدر ٹرمپ نے 'تضحیک' قرار دیتے ہوئے اس میں بعض ترامیم کی تجویز دی تھی۔ ڈیمو کریٹک اور ری پبلکن رہنماؤں نے کئی ماہ سے جاری مذاکرات کے بعد اس بل پر اتفاق کیا تھا۔

2300 ارب ڈالر کے اس حکومتی بل میں 900 ارب ڈالر کا کرونا وائرس ریلیف پیکیج بھی شامل ہے۔

بل پر صدر ٹرمپ کے دستخط کا امکان اس وقت روشن ہوا جب صدر نے اتوار کی شب ایک ٹوئٹ میں کہا "کرونا ریلیف بل کے سلسلے میں خوشخبری، مزید معلومات کچھ دیر بعد۔"

اگر صدر ٹرمپ بل پر دستخط نہ کرتے تو پیر کی شب سے جزوی حکومتی شٹ ڈاؤن ہو جاتا۔

صدر ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے کے آغاز سے ہی اس بل پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اس میں بعض ترامیم کرنے پر زور دیا تھا جب کہ ہفتے کو صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر اپنے اعتراضات کو دوہرایا تھا۔

صدر ٹرمپ نے ہفتے کی صبح ٹوئٹ کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ وہ صرف یہ چاہتے ہیں کہ امریکہ کے عظیم لوگوں کو فی کس دو ہزار ڈالر ملیں نہ کے محض 600 ڈالر جو کہ اس وقت بل میں تجویز کیے گئے ہیں۔

مزید پڑھیے

10:34 28.12.2020

فرانس میں کرونا ویکسینیشن کا آغاز

امریکہ، برطانیہ اور کچھ دیگر ممالک کے بعد یورپ میں بھی کرونا ویکسین لگانے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

فرانس میں اتوار کو ایک 78 سالہ ضعیف خاتون کو پیرس کے قریبی اسپتال میں ویکسین لگا کر مہم کا آغاز کیا گیا۔

خیال رہے کہ حال ہی میں یورپ میں 'فائرز' اور 'بائیو این ٹیک' کی بنی ویکسین کی منظوری دی گئی تھی۔

فرانس میں ابتدائی مرحلے میں طبی ورکرز اور نرسنگ ہومز میں مقیم بزرگ شہریوں کو ویکسین لگائی جا رہی ہے جس کے بعد مرحلہ وار ملک بھر میں اسے لگانے کا سلسلہ شروع کر دیا جائے گا۔

فرانسیسی حکومت نے ابتداً 10 لاکھ خواراکیں حاصل کی ہیں جب کہ حکام کا کہنا ہے کہ فروری کے آخر تک ملک کے طول و عرض میں قائم سات ہزار سے زائد نرسنگ ہومز اور متعلقہ سہولیات میں مقیم افراد کو ویکسین لگا دی جائے گی۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG