رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

11:09 22.2.2021

امریکہ میں کرونا سے پانچ لاکھ اموات، صدر بائیڈن تقریب سے خطاب کریں گے

فائل فوٹو
فائل فوٹو

کرونا وائرس سے پانچ لاکھ امریکیوں کی ہلاکت اور لواحقین سے اظہار ہمدردی کے لیے وائٹ ہاؤس میں پیر کو شمع روشن کرنے اور خاموشی اختیار کرنے کی تقریب منعقد ہو گی۔

امریکہ میں کرونا سے اب تک چار لاکھ 98 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور عالمی وبا سے پانچ لاکھ اموات کا ہندسہ عبور ہونے کی توقع ہے۔

اس سلسلے میں وائٹ ہاؤس میں ایک تقریب منعقد کی جا رہی ہے جس میں صدر جو بائیڈن غروبِ آفتاب کے وقت خطاب کریں گے اور عالمی وبا سے لڑتے ہوئے جان دینے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کریں گے۔

تقریب میں خاتونِ اول جل بائیڈن، نائب صدر کاملا ہیرس اور ان کے شوہر ڈگلس ایمہوف بھی شریک ہوں گے۔

19:25 21.2.2021

اسرائیل میں معمولاتِ زندگی بحال کرنے کا آغاز

اسرائیلی حکومت کا کہنا ہے کہ نصف آبادی کو کرونا ویکسین لگائے جانے کے بعد وہ معمول کی زندگی کی طرف واپس لوٹ رہے ہیں۔

اسرائیل میں دکانیں کھول دی گئی ہیں۔ تاہم تفریحی مقامات، جمز، ہوٹلز اور تھیٹرز میں صرف ان لوگوں کو جانے کی اجازت ہو گی جنہیں یا تو ایک ہفتہ قبل کرونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لگائی جا چکی ہیں یا پھر وہ افراد جو وبا سے صحت یاب ہو چکے ہیں اور ان میں قوتِ مدافعت پیدا ہو چکی ہے۔

ان لوگوں کو وزارتِ صحت کی ایپ پر 'گرین پاس' جاری کیا جائے گا۔

اس دوران فیس ماسک پہننے اور سماجی دوری کی پابندیاں نافذ رہیں گی جب کہ عبادت گاہوں میں نصف تعداد کے ساتھ عبادت کی اجازت ہو گی۔

19:15 21.2.2021

امریکہ: برفانی طوفان سے کرونا ویکسی نیشن مہم متاثر، ٹیکساس آفت زدہ ریاست قرار

امریکہ میں برفانی طوفان اور شدید سرد موسم کی وجہ سے معمولاتِ زندگی متاثر ہو رہے ہیں۔ طوفان کی وجہ سے ملک کے مختلف حصوں میں کرونا وبا سے بچاؤ کے لیے جاری ویکسی نیشن مہم بھی متاثر ہو رہی ہے۔ امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے طوفان سے متاثرہ ریاست ٹیکساس کو آفت زدہ قرار دے دیا ہے۔

طوفان کے باعث اب تک دو ہزار سے زائد کرونا ویکسی نیشن سینٹرز بند ہو چکے ہیں جس کی وجہ سے 60 لاکھ افراد تک ویکسین کی خوراکیں پہنچانے کا عمل تعطل کا شکار ہو گیا ہے۔

امریکہ 14 فروری سے شدید سردی کی لپیٹ میں ہے جس کی وجہ برفانی طوفان ہے جس نے کئی ریاستوں میں نظامِ زندگی درہم برہم کر دیا ہے۔ ریاست اوکلاہوما، آرکنساس اور ٹیکساس میں شدید موسم کی وجہ سے کئی علاقے بجلی سے محروم ہیں۔

برفانی طوفان کے سبب مختلف حادثات میں ملک بھر میں اب تک کم از کم 70 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

امریکہ کی فیڈرل ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی کے حکام کا کہنا ہے کہ صدر بائیڈن کی جانب سے ٹیکساس کو آفت زدہ قرار دیے جانے کے بعد ریاست کے شہریوں کے لیے اضافی فنڈنگ کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔

تیل اور گیس پیدا کرنے والی امریکی ریاست ٹیکساس میں لاکھوں لوگ بجلی سے محروم ہیں جب کہ ریاست کی آدھی سے زائد آبادی پینے کے صاف پانی سے محروم ہے۔

مزید پڑھیے

19:12 21.2.2021

پاکستان میں کرونا سے مزید 38 ہلاکتیں

پاکستان میں اتوار کو کرونا سے مزید 38 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 12 ہزار 601 ہو گئی ہے۔

ملک میں اتوار کو کرونا کے مزید 1329 کیس رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی کیسز پانچ لاکھ 71 ہزار سے بڑھ گئے ہیں۔

پاکستان میں اب تک تک وائرس کی تصدیق کے لیے 86 لاکھ سے زائد ٹیسٹس کیے جا چکے ہیں۔

ملک بھر میں اس وقت 1616 مریض انتہائی نگہداشت وارڈز میں زیرِ علاج ہیں۔ پاکستان میں طبی عملے کو وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG