رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

16:47 15.3.2021

اٹلی کے آدھے سے زائد علاقوں میں سخت لاک ڈاؤن

دنیا کے مختلف ممالک میں کرونا وائرس کی نئی لہر تیزی سے پھیل رہی ہے اور یورپی ملک اٹلی کے نصف خطے میں وائرس کے پھیلاؤ کے سبب سخت پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔

خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق اٹلی کے نصف خطے میں کرونا وائرس کے حالیہ پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سخت لاک ڈاؤن لگا دیا گیا ہے۔ کرونا وائرس کی اس حالیہ لہر کے باعث ایک بار پھر اسپتالوں میں گنجائش کم پڑ رہی ہے۔

پیر کو نو علاقوں میں ڈے کیئر سینٹرز اسکولز اور دکانیں بند رہیں۔

اس کے علاوہ ملک کے دیگر حصوں میں اس سے کم درجے 'اورنج' سطح کا لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔

16:30 15.3.2021

پاکستان میں کرونا سے مزید 29 اموات، 2253 نئے کیس

پاکستان میں کرونا وائرس کی تیسری لہر جاری ہے اور ملک میں مجموعی کیسز کی تعداد چھ لاکھ سات ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے پنجاب کے بڑے شہروں میں آج سے لاک ڈاؤن کی پابندیوں کا آغاز ہو رہا ہے جس کے تحت لاہور سمیت پنجاب کے سات بڑے شہروں میں کاروباری مراکز شام چھ بجے بند ہو جائیں گے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے 44 ہزار 61 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے دو ہزار 253 کے نتائج مثبت آئے، اس طرح ملک میں مجموعی کرونا کیسز کی تعداد چھ لاکھ سات ہزار 453 تک پہنچ گئی۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان میں کرونا وائرس سے 29 افراد ہلاک ہوئے اور اس طرح مجموعی اموات 13 ہزار 537 تک پہنچ گئی ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کرونا وائرس کے مجموعی کیسز میں سے پانچ لاکھ 71 ہزار 878 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔

16:41 14.3.2021

بھارت میں رواں سال میں ریکارڈ یومیہ کیسز رپورٹ

بھارت میں اتوار کو رواں سال میں کرونا وائرس کے یومیہ ریکارڈ کیسز رپورٹ ہوئے جن کی تعداد 25 ہزار سے زائد تھی۔

دنیا بھر میں امریکہ اور برازیل کے بعد کرونا وبا سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک بھارت میں یومیہ کیسز کی ریکارڈ تعداد وبا کا گڑھ سمجھے جانی والی ریاست مہاراشٹرا میں لگائے جانے والے لاک ڈاؤن سے ایک روز قبل سامنے آئی ہے۔

وزارتِ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں اب تک ایک کروڑ 13 لاکھ سے زائد افراد وبا سے متاثر اور ایک لاکھ 58 ہزار سے زائد اموات ہو چکی ہیں۔

ریاست مہاراشٹرا سے سب سے زیادہ لگ بھگ 23 لاکھ کرونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ جب کہ ناگ پور ضلع میں پیر سے لاک ڈاؤن بھی لگایا جا رہا ہے۔

16:05 14.3.2021

پاکستان میں مزید 32 افراد ہلاک

پاکستان میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد ساڑھے 13 ہزار سے تجاوز کر گئی ہیں۔

سرکاری اعداد و شمارکے مطابق پاکستان میں وبا سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 32 افراد ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد اموات کی تعداد 13 ہزار 508 ہو گئی ہیں۔

واضح رہے کہ رواں ہفتے حکام نے کہا تھا کہ ملک میں وبا سے تیسری لہر آ چکی ہے جس کے بعد کئی شہروں میں تعلیمی ادارے بند کرنے اور متعدد علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگانے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں وبا سے صرف مارچ کے مہینے میں 614 اموات ہو چکی ہیں۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG