پاکستان میں ایک دن میں 41 ہزار افراد کی ویکسی نیشن
وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے کہ پاکستان میں گزشتہ روز 41 ہزار افراد کی ویکسی نیشن کی گئی جو کہ ایک دن میں کی جانے والی ویکسی نیشن کی بلند ترین شرح ہے۔
اسد عمر نے ایک بیان میں کہا کہ 41 ہزار میں سے 28 ہزار 424 ویکسین بزرگ افراد کو دی گئیں۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ 70 سال سے زائد عمر کے افراد خود کو ویکسی نیشن کے لیے رجسٹر کرائیں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں اعلیٰ حکام بزرگ افراد کو ویکسین کے لیے راغب کرنے کی کوششوں کے طور پر خود بھی ویکسین لگوا رہے ہیں۔
پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے، جن کی عمر 70 سال سے زائد ہے، دو روز قبل ویکسین لگوائی۔
اسی طرح وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے ویکسی نیشن کے پہلے مرحلے میں ویکسین لگوائی تھی۔ پہلے مرحلے میں طبی عملے کو ویکسین لگائی جا رہی تھی۔
پاکستان میں دوسرے مرحلے میں بزرگ شہریوں کو ویکسین لگائی جا رہی ہے۔
ڈاکٹر فیصل سلطان نے اپنے والد کو بھی ویکسین لگوائی اور ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے دیگر شہریوں کو ویکسین لگوانے کے لیے ترغیب دی۔
حکام کے مطابق پاکستان میں اب تک ساڑھے تین لاکھ سے زائد افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ کوشش کی جا رہی ہے کہ گیارہ کروڑ افراد کو ویکسین لگائی جا سکے تو ویکسین سے شہریوں کو محفوظ رکھنے میں کامیابی مل سکے گی۔
پاکستان میں مسلسل ساتویں روز دو ہزار سے زائد کیسز رپورٹ
پاکستان میں کرونا وائرس کے مزید 2351 کیس سامنے آئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز سامنے آنے والے کیسز کے بعد زیرِ علاج افراد کی تعداد 22 ہزار 792 ہو گئی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں گزشتہ سات روز سے مسلسل دو ہزار سے زائد یومیہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ قبل ازیں کیسز کی شرح میں کسی حد تک کمی آئی تھی۔
حکام کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں لگ بھگ 39 ہزار ٹیسٹ کیے گئے جن میں ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح چھ فی صد رہی۔
کشمیر: تعلیمی ادارے کھل گئے مگر بیش تر طلبہ غائب
بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں کرونا وائرس کے باعث بند تعلیمی اداروں کو تقریباً ایک سال بعد مرحلہ وار اور مختلف احتیاطی تدابیر کے ساتھ دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔ لیکن والدین کی ایک بڑی تعداد اپنے بچوں کو اسکول بھیجنے سے کترا رہی ہے۔ دیکھیے سری نگر سے زبیر ڈار اور یوسف جمیل کی رپورٹ۔
کرونا ویکسین کے بچوں پر تجربات، چھ ماہ سے 12 سال تک کے بچے شامل
کرونا وائرس کی ویکسین بنانے والی کمپنی موڈرنا نے اعلان کیا ہے کہ اس نے چھ ماہ سے 12 سال تک کی عمر کے بچوں پر ویکسین کے تجربات شروع کیے ہیں۔
امریکہ کے اخبار 'نیو یارک ٹائمز' کے مطابق موڈرنا کی خاتون ترجمان کولین ہسی کا کہنا ہے کہ ویکسین کے اثرات کے مطالعے کے لیے امریکہ اور کینیڈا میں چھ ہزار سات سو سے زائد صحت مند بچوں کی رجسٹریشن کی جا چکی ہے۔
ترجمان نے یہ واضح نہیں کیا کہ ان 6750 بچوں میں سے کتنے بچوں کو ویکسین کی پہلی ڈوز دی جا چکی ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے 'این پی آر' کی رپورٹ کے مطابق موڈرنا کی ویکسین ابھی 18 سال سے زائد عمر کے افراد کو دی جا رہی ہے۔ جن بچوں کو ویکسین دی جائے گی محققین ان کا جائزہ لیں گے کہ ویکسین کے ان پر ویکسین کے کیا اثرات رہے ہیں۔ اور ان بچوں کو ویکسین کی اثر پذیری میں مشکلات کا سامنا تو نہیں کرنا پڑ رہا۔
رپورٹ کے مطابق محققین ویکسین کے حوالے سے یہ بھی جائزہ لیں گے کہ یہ بچوں کو کرونا وائرس کی نئی اقسام سے محفوظ رکھنے میں کس قدر مدد گار ثابت ہو گی۔