امتحانات سے متعلق فیصلہ حتمی ہے: شفقت محمود
وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ امتحانات سے فیصلہ حتمی ہے۔ طلبہ امتحانات کی تیاری کریں اور سخت محنت کریں۔
شفقت محمود نے کہا کہ کسی کے ذہن میں کوئی غیر یقینی صورتِ حال نہیں ہونی چاہیے۔ امتحانات سے متعلق فیصلہ تبدیل نہیں ہوگا۔ یہ فیصلہ تعلیم کو مدِنظر رکھ کر کیا گیا ہے۔
پاکستان: اسکولوں کی بندش اور امتحانات سے متعلق اہم اعلانات
پاکستان کے وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ کرونا سے متاثرہ اضلاع میں 28 اپریل تک پہلی سے آٹھویں جماعت تک اسکولز بند رہیں گے۔
اسلام آباد میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں انہوں نے بتایا کہ 28 اپریل کو اجلاس کے دوران دوبارہ جائزہ لیا جائے گا کہ اسکولز عید تک بند کرنے ہیں یا نہیں۔
شفقت محمود کے مطابق جن اضلاع میں پرائمری اسکولز اور چھٹی سے آٹھویں جماعت کے اسکولز بند ہوں گے ان اضلاع کے متاثر ہونے کا تعین صوبائی حکومتیں کریں گی۔
ان کے بقول نویں سے بارہویں جماعت کے لیے اسکولز اور کالجز 19 اپریل سے کھول دیے جائیں گے جب کہ متاثرہ اضلاع میں اسکولز اور جامعات بند رہیں گی۔
امتحانات سے متعلق انہوں نے بتایا کہ نویں سے بارہویں جماعت کے طلبہ کے امتحانات مئی کے تیسرے ہفتے سے شروع ہوں گے، کچھ امتحانات جون اور جولائی میں بھی منعقد کیے جائیں گے۔
وزیرِ تعلیم نے کہا کہ اے اور او لیول کے امتحانات سے متعلق متفقہ فیصلہ ہوا ہے کہ یہ امتحانات معمول کے مطابق جاری رہنے چاہئیں۔
ان کے بقول کیمبرج نے ہمیں یقین دہانی کرائی ہے کہ امتحانات مکمل ایس او پیز کے ساتھ ہوں گے اور امتحانات کے شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔
شفقت محمود کے مطابق پہلی سے آٹھویں جماعت کے اسکولز کھولنے یا عید تک بند رکھنے سے متلعق 28 اپریل کو جائزہ اجلاس ہو گا۔
ویکسی نیشن کورس مکمل کرنے والے رمضان میں عمرہ ادا کر سکیں گے: سعودی حکام
سعودی حکام نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران صرف ان افراد کو عمرہ ادا کرنے کی اجازت ہو گی جو کرونا وائرس سے بچاؤ کے ٹیکے لگوا چکے ہوں گے۔
سعودی عرب کی حج و عمرہ کی وزارت نے پیر کو جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ تین کیٹیگری کے افراد کو کرونا سے محفوظ تصور کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق وہ تمام افراد جو کرونا ویکسین کی دو خوراکوں کا کورس مکمل کر چکے ہوں، ایسے افراد جنہوں نے عمرہ ادا کرنے سے 14 روز قبل ہی ایک خوراک والی ویکسین کا کورس مکمل کیا ہو اور وہ افراد جو وبا سے صحت یاب ہو چکے ہوں، انہیں عمرہ کرنے کی اجازت ہو گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ تینوں کیٹیگریز سے تعلق رکھنے والے افراد کو عمرہ ادائیگی کے اجازت نامے اور مسجد الحرام میں عبادت کی اجازت دی جائے گی۔
پاکستان: مزید تین ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ
پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 3953 افراد کے کرونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں جب کہ وبا کے شکار 103 مریض دم توڑ گئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھںٹوں کے دوران 46 ہزار 665 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں جب کہ ملک میں ایکٹو کیسز کی تعداد 63 ہزار 102 ہے۔