رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

22:19 10.4.2021

فرانس میں دو الگ الگ ویکسین کی خوراکیں دینے کا اعلان

فرانس نے اعلان کیا ہے کہ 55 سال سے کم عمر والے افراد جنہیں ‘ایسٹرا زینیکا’ کی پہلی خوراک لگائی گئی تھی، انہیں ویکسین کی دوسری خوراک ‘فائزر بائیو این ٹیک’ یا ‘موڈرنا’ کی تیار کردہ ویکسین کی لگائی جائے گی۔

وزارتِ صحت کے حکام کے مطابق 55 سال سے کم عمر والے افراد جنہوں نے ایسٹرا زینیکا کی پہلی خوراک لگوائی تھی ان میں سے بہت کم تعداد میں بلڈ کلوٹس (خون کے لوتھڑے) آنے کی شکایات موصول ہوئی تھیں۔

فرانس میں ابتدائی طور پر طبی اہلکاروں کو کرونا ویکسین لگائی گئی تھی اور اس فیصلے سے لگ بھگ پانچ لاکھ 33 ہزار افراد متاثر ہوں گے۔

خیال رہے کہ فرانس میں ویکسین لگائے جانے کے عمل میں سست روی کے بعد تیزی دیکھی جا رہی ہے۔

10:36 9.4.2021

سیالکوٹ کے 14 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ

فائل فوٹو
فائل فوٹو

حکومتِ پنجاب نے سیالکوٹ کے 14 علاقوں میں کرونا کیسز سامنے آںے کے بعد اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا ہے جس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

پابندیوں کی زد میں آنے والے علاقوں میں مظفرپور، گوہادپور، کینٹ یو سی 19، ماڈل ٹاؤن، شباب پورا، جوڑیاں کلاں، بھرت، کوٹلی لوہاراں، یوگوکی، واٹر ورکس، خروٹا سیداں، احمد پورا، فتح گڑھ اور کوٹلی بہرام شامل ہیں۔

نوٹی فکیشن کے مطابق مذکورہ علاقوں کے داخلی و خارجی راستے فوری طور پر بند کر دیے جائیں گے جس کا نفاذ 12 اپریل تک رہے گا۔

10:05 9.4.2021

بھارت: ریاست کرناٹکا کے چھ شہروں میں کرفیو کا اعلان

فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارت میں کرونا وائرس کے کیسز میں حالیہ اضافے کے بعد ریاست کرناٹکا کے چھ شہروں میں رات کا کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔

ریاست کے وزیرِ اعلیٰ بی ایس یادیورپا کے مطابق بنگلورو، بدار، مسورو، منگالورو، کالابراگی اور مانیپل میں ہفتے سے کرفیو نافذ ہو گا جس کا دورانیہ رات دس بجے سے صبح پانچ بجے تک رہے گا۔

حکام کے مطابق مذکورہ شہروں میں کرفیو کا نفاذ 20 اپریل تک رہے گا تاہم اس دوران ضروری خدمات فراہم کی جاتی رہیں گی۔

کرناٹکا بھارت کی ان ریاستوں میں شامل ہے جہاں کرونا وائرس کے کیسز تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ اس کے علاوہ مہاراشٹرا، چھتیس گرھ، اترپردیس، دہلی، مدھیا پردیش، تامل ناڈو، گجرات، کیرالہ اور پنجاب میں وبا کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔

09:39 9.4.2021

بھارت میں سیاسی اجتماعات اور مذہبی تہواروں کے باعث کیسز میں تیزی سے اضافہ

فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارت میں گزشتہ دو ماہ کے دوران حفاظتی تدابیر کی خلاف ورزیوں کے باعث کرونا کیسز کی تعداد میں 13 گنا اضافہ ہوا ہے۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق بھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی اور دیگر سیاسی قائدین کی منعقد کی گئی سیاسی ریلیوں، مذہبی تہواروں اور دیگر اجتماعات میں بڑے پیمانے پر لوگوں کی شرکت کے سبب کرونا وائرس کی نئی لہر میں متاثرہ افراد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔

ملک بھر میں ریاستوں میں نقل و حرکت پر مختلف پابندیاں عائد ہیں تاہم مرکزی حکومت اور صنعت کار قومی سطح پر لاک ڈاؤن کی مخالفت کر رہے ہیں۔

گزشتہ برس ہونے والے ملک گیر لاک ڈاؤن کی وجہ سے بھارت کی معیشت شدید متاثر ہوئی تھی جب کہ نچلے طبقے کو معاشی طور پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

بڑھتے ہوئے کیسز کے باوجود بھارت کی شمالی ریاست اُترا کھنڈ میں دریائے گنگا کے کنارے ’ہری دوار‘ کے مقام پر 12 سال میں ایک بار ہونے والے ہندو تہوار ’کمبھ کے میلے‘ کو منسوخ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ اس میلے میں ملک بھر سے لاکھوں افراد کی شرکت متوقع ہے۔

مزید پڑھیے

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG