بھارت میں ریکارڈ کیسز، برازیل کو پیچھے چھوڑ دیا
بھارت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ایک لاکھ 68 ہزار سے زیادہ افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ ایک روز میں سامنے آنے والے کیسز کی یہ ریکارڈ تعداد ہے۔
بھارت کی وزارتِ صحت کی جانب سے پیر کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں عالمی وبا کے شکار 904 مریض ہلاک جب کہ ایک لاکھ 68 ہزار 912 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
بھارت میں کیسز کی مجموعی تعداد ایک کروڑ 35 لاکھ اور اموات کی کل تعداد ایک لاکھ 70 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔
بھارت کی مختلف ریاستوں میں پابندیوں کے باوجود کرونا وائرس کی دوسری لہر میں شدت دیکھی جا رہی ہے۔ نئے کیسز سامنے آںے کے بعد متاثرہ ملکوں کی فہرست میں برازیل کو پیچھے چھوڑ کر بھارت دوسرے نمبر پر آ گیا ہے۔
ویکسین لگوانے کے بعد احتیاطی تدابیر چھوڑنا کرونا کے پھیلاؤ کا سبب بن رہا ہے: عالمی ادارۂ صحت
عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں کرونا وائرس کیسز اور اموات میں اضافہ ویکسین کو نجات دہندہ سمجھنے کے باعث ہو رہا ہے۔
ڈبلیو ایچ او نے تصدیق کی ہے کہ اب تک کرونا وبا سے 13 کروڑ سے زائد افراد متاثر جب کہ 30 لاکھ کے لگ بھگ اموات ہو چکی ہیں۔
ادارے کا کہنا ہے کہ افریقہ کے سوا دنیا کے لگ بھگ تمام خطوں میں وائرس کا پھیلاؤ تیزی سے جاری ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے مطابق کرونا وبا میں اضافے کی کئی وجوہات ہیں جن میں وائرس کی نئی اقسام، حفاظتی اقدامات پر من و عن عمل نہ کرنا اور لاک ڈاؤن کے خاتمے کے بعد نام نہاد معمول کی زندگی کی جانب واپس لوٹنے جیسی غلط فہمیاں شامل ہیں۔
ڈبلیو ایچ او کی ترجمان مارگریٹ ہیرس کے بقول وبا میں اضافے کی ایک اور وجہ یہ غلط تاثر بھی ہے کہ ویکسین آنے کے بعد اب یہ وبا ختم ہو جائے گی۔
اُن کا کہنا تھا کہ لوگ اس غلط فہمی کا شکار ہیں کہ ویکسین آنے کے بعد اب یہ بحران فوری ختم ہو جائے گا۔
اُن کے بقول ایسا نہیں ہے بلکہ ہمیں وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے ساتھ ساتھ ویکسین کو یہ موقع دینا ہے کہ وہ لوگوں کو شدید بیمار ہونے اور مرنے سے بچائے۔
ٹوکیو اولمپکس: ایتھلیٹس کے قرنطینہ کے لیے 300 کمروں پر مشتمل ہوٹل بک کرنے کا فیصلہ
ٹوکیو اولمپکس کے منتظمین نے رواں سال جولائی میں شیڈول کھیلوں کی دنیا کے سب سے بڑے مقابلے اولمپکس کو کرونا سے پاک رکھنے کے لیے ہنگامی اقدامات کا اعلان کیا ہے۔
منتظمین نے کرونا مثبت آنے کی صورت میں ایتھلیٹس اور دیگر افراد کے قرنطینہ کے لیے 300 کمروں پر مشتمل ہوٹل بک کرنے کا فیصلہ کیا ہے جہاں ان کھلاڑیوں کو 10 روز تک قیام کرنا پڑے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ ہوٹل اولمپک ویلج سے چند کلومیٹر کے فاصلے پر حاصل کیا جائے گا اور اس کے حصول پر لاکھوں ڈالرز لاگت آئے گی۔
جاپان کے خبررساں ادارے 'کیوڈو' کے مطابق ان کمروں میں ان متاثرہ کھلاڑیوں اور شرکا کو رکھا جائے گا جن میں کرونا کی معمولی علامات معمولی ہوں گی یا جن کے کرونا ٹیسٹ مثبت آئیں گے اور انہیں اسپتال داخل کرانے کی ضرورت نہیں ہو گی۔
بھارت میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد نئے کرونا کیس
بھارت میں کرونا وائرس کے کیسز تیزی سے بڑھ رہے ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں ریکارڈ ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ افراد کرونا سے متاثر ہوئے ہیں۔
وزارتِ صحت کے مطابق ملک میں اتوار کو ایک لاکھ 52 ہزار 879 نئے کیسز اور 839 اموات رپورٹ ہوئیں۔ بھارت میں ریکارڈ ہونے والے کیسز وبا کے آغاز سے اب تک کے سب سے زیادہ یومیہ کیسز ہیں۔
اتوار کو رپورٹ ہونے والے کیسز میں سے 72 فی صد سے زائد پانچ ریاستوں مہاراشٹرا، چھتیس گڑھ، کرناٹک، اترپردیش اور کیرالہ میں رپورٹ ہوئے ہیں۔
بھارت میں کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد ایک کروڑ 33 لاکھ 58 ہزار805 ہے جب کہ ایک لاکھ 69 ہزار275 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔