نیویارک چیس کیفے: کرونا بحران میں شطرنج کا جنون
کرونا بحران میں دنیا بھر میں بہت سے ریستوران اور کیفے بند ہوئے۔ لیکن نیویارک کا مشہور شطرنج کیفے 'چیس فورم' وبا سے پیدا ہونے والی مالی مشکلات کو مات دینے میں کامیاب رہا۔ اب گزرتے وقت کے ساتھ یہاں پھر سے بساط پر چالیں چلی جا رہی ہیں اور شطرنج کے شوقینوں کی اس چھوٹی سی دنیا کی رونقیں بحال ہو رہی ہیں۔
پاکستان میں وبا سے مزید 112 اموات، 4976 متاثر
پاکستان میں کرونا وائرس سے مزید لگ بھگ پانچ ہزار افراد متاثر جب کہ 112 اموات ہوئی ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں وبا سے مزید چار ہزار 976 افراد متاثر ہوئے ہیں جس کے بعد زیرِ علاج افراد کی تعداد 79 ہزار 108 ہو گئی ہے۔
حکام کے مطابق زیرِ علاج افراد میں سے چار ہزار 149 مریض انتہائی نگہداشت میں ہیں۔
پاکستان میں گزشتہ روز ہونے والے ٹیسٹ کے مثبت آنے کی شرح 7.6 فی صد رہی۔
اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں وبا سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 112 اموات ہوئی ہیں جس کے بعد ملک بھر میں اموات کی تعداد 16 ہزار 94 ہو گئی ہے۔
کیلی فورنیا میں پابندیوں میں نرمی۔ معمولات زندگی بحال ہونا شروع
امریکہ کی ریاست کیلی فورنیا میں عالمی وبا کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے لگائی جانے والی پابندیوں میں نرمی کے بعد معمولات زندگی بحال ہونا شروع ہوگئے ہیں۔
ریاست کیلی فورنیا میں کرونا وائرس کی ویکسین 16 سال سے زائد تمام تر افراد کے لیے دستیاب ہے۔
جمعرات کو کیلی فورنیا میں باسکٹ بال کے شوقین افراد نے اپنی من پسند لیکرز ٹیم کا میچ دیکھنے کے لیے باسکٹ بال کورٹ کا رُخ کیا۔ جب کہ یونیورسل اسٹوڈیوز ہالی وڈ تھیم پارک بھی شائقین کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔
وسیع رائیڈز اور مقبول ناول سیریز ہیری پوٹر ہوگ وارٹس کے قلعے اور متعدد تفریحی سرگرمیوں پر مشتمل تھیم پارک کرونا وائرس کی وجہ سے ایک برس سے زائد عرصے سے بند تھا۔
اب یونیورسل تھیم پارک حکومت کی 25 فی صد افراد کی گنجائش کے اصول کی پیروی کے تحت کھول دیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں متعدد رائیڈز، لائیو پرفارمنس اور تھیم پارک میں ادھر اُدھر گھومنے اور لوگوں کے ساتھ تصاویر بنوانے والے کردار تا حال سیاحوں کے لیے میسر نہیں ہیں۔
چین میں ویکسین لگوانے کے بدلے مفت انڈے اور ڈسکاؤنٹ کوپن کی پیش
کرونا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے بعد اب چین کی عوام کرونا ویکسین لگوانے میں ہچکچاہٹ کا شکار ہے جس کے سبب ویکسی نیشن کی مہم کو تیز کرنے کے لیے عوام کو مفت انڈے، کوپن اور خریداری میں رعایت کی پیش کش کی جا رہی ہے۔
عالمی وبا کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے چین میں ویکسین کے یومیہ لاکھوں ڈوز لگانے کا سلسلہ جاری ہے۔
حکام کے مطابق صرف 26 مارچ کے دن 61 لاکھ ویکسین کی خوراکیں لگائی گئیں۔
چین کے معروف ڈاکٹر ژہونگ نینشین نے اعلان کیا تھا کہ جون میں ملک کی ایک ارب 40 کروڑ آبادی میں سے 56 کروڑ افراد کو ویکسین لگائی جائے گی۔
شنگھائی اور بیجنگ جیسے بڑے شہروں میں حکومت لوگوں کو ویکسین لگوانے پر راضی کرنے کے لیے مفت چیزیں اور انعامات کی پیشکش کر رہی ہے۔
چین میں ویکسین لگوانے والے شہریوں کو مفت انڈے جب کہ شاپنگ مالز کی جانب سے ویکسین لگوانے والے افراد کو رعایتی کوپن کی پیشکش کی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ 2019 میں چین کے شہر ووہان سے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کا آغاز ہوا تھا تو حکومت نے ووہان سمیت مختلف شہروں میں فوری طور دو ماہ سے زائد عرصے کے لیے لاک ڈاؤن لگا دیا تھا۔
بعد ازاں چین نے سخت لاک ڈاؤن کے ذریعے وبا کے پھیلاؤ پر قابو پایا۔ البتہ اب یہاں کی عوام جلد کرونا ویکسین لگوانے کے لیے آمادہ نہیں ہیں۔