پاکستان میں مزید 137 اموات
پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے شکار مزید 137 مریض دم توڑ گئے ہیں جب کہ 5445 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ چوبیس گھںٹوں میں 68 ہزار دو افراد کا کرونا ٹیسٹ کیا گیا جن میں مثبت کیسز کی شرح آٹھ فی صد رہی۔
بھارت: کرونا سے اموات، قبرستانوں میں جگہ کم پڑنے لگی
بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں کرونا وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کے لیے قبرستان مختص کیا گیا تھا۔ البتہ وبا سے اموات زیادہ ہونے کے باعث یہاں جگہ کم پڑنے لگی ہے۔ جب کہ ملک میں اموات کی شرح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ جب کہ یومیہ کیسز بھی زیادہ تعداد میں رپورٹ ہو رہے ہیں۔
کرونا ویکسین کی تقسیم میں عدم مساوات کو دور کریں، گریٹا تھنبرگ
ماحول کے تحفظ کے لیے کام کرنے والی سوئیڈن کی نوجوان کارکن گریٹا تھنبرگ نے کہا ہے کہ دنیا کے ملک، حکومتیں اور ویکسین بنانے والے ادارے کرونا وائرس کے مقابلے کے لیے بنائی گئی ویکسین کی تقسیم میں عدم مساوات کو دور کرنے کی کوششیں تیز کریں، کیوں کہ زیادہ تر ویکسین دنیا کے امیر ترین ممالک نے حاصل کر لی ہے جب کہ غریب ملکوں کو ویکسین کی دستیابی میں مشکلات کا سامنا ہے۔
خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے اعلان کیا ہے کہ گزشتہ ہفتے دنیا بھر میں کرونا وائرس کے پانچ اعشاریہ دو ملین نئے کیسز سامنے آ چکے ہیں۔
اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے صحت کے مطابق یہ کسی بھی ایک ہفتے میں کرونا وائرس کے سامنے آنے والے کیسز کی سب سے بڑی تعداد ہے۔
ماحول کی تبدیلی کے لیے 'فرائی ڈیز فار فیوچر' کے نام سے بنائی گئی غیر سرکاری فاؤنڈیشن کی جانب سے گریٹا تھنبرگ نے ڈبلیو ایچ او کو ایک لاکھ یورو یعنی ایک لاکھ بیس ہزار ڈالر کی رقم عطیہ کی ہے تا کہ وہ کرونا وائرس کی ویکسین خرید کر ان ممالک کو بھجوائے جہاں اس کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔
کرونا وبا کے دوران ذہنی صحت کو کیسے بہتر رکھا جائے؟
وائس آف امریکہ کا مستقل سلسلہ 'لائف 360' صحت مند زندگی گزارنے کے بارے میں معلومات پر مشتمل ہے۔ کرونا وائرس کو کنٹرول کرنے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات بہت سے لوگوں کے لیے ذہنی دباؤ کا سبب بنے ہیں۔ اس صورتِ حال میں اپنی ذہنی صحت کا خیال کیسے رکھا جائے؟ جانتے ہیں صبا شاہ خان سے۔