امریکی صدر بیرونِ ملک ویکسین کی ترسیل کے لیے پرعزم
امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ امریکہ کرونا وائرس کی ویکسین بیرونِ ملک فراہم کرنے سے متعلق کام کر رہا ہے۔
وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بائیڈن نے کہا کہ "ہم دیگر ممالک کو ویکسین فراہم کرنے کے عمل میں ہیں جب کہ اس حوالے سے تھوڑا بہت کام مکمل کر لیا ہے۔"
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ کچھ ایسی ویکسین ہیں جو ہم استعمال نہیں کر رہے لیکن انہیں دیگر ممالک کو ترسیل سے قبل ہمیں یہ فیصلہ کرنا ہے کہ ویکسین محفوظ ہے یا نہیں۔
پاکستان میں پانچ ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ
پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے پانچ ہزار 857 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ وبا کے شکار مزید 98 مریض دم توڑ گئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 57 ہزار 591 افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں مثبت کیسز کی شرح دس اعشاریہ ایک چھ فی صد رہی۔
پاکستان میں عالمی وبا سے اب تک 16 ہزار 698 افراد ہلاک اور سات لاکھ 78 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
کرونا کی برطانوی قسم کراچی پہنچ گئی
وزیرِ صحت سندھ عذرا پیچوہو نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی برطانوی قسم کراچی پہنچ گئی ہے اور اب تک جو ٹیسٹ ہوئے ہیں ان میں 50 فی صد کیسز میں یہ قسم پائی گئی ہے۔
بھارت: ریاست مہاراشٹرا میں ایک اسپتال میں آکسیجن لیک، 22 کرونا مریض ہلاک
بھارت میں کرونا بحران کے دوران اس وقت ایک بڑا حادثہ پیش آیا جب ریاست مہاراشٹرا کے شہر ناسک میں ایک اسپتال کے باہر آکسیجن ٹینکر کے لیک ہونے سے کرونا وائرس کے 22 مریض آکسیجن کی عدم دستیابی سے ہلاک ہو گئے۔
کلکٹر سورج مندھارے نے بھارت کے نشریاتی ادارے ’این ڈی ٹی وی‘ کو بتایا کہ ناسک میں ذاکر حسین میونسپل اسپتال میں یہ حادثہ پیش آیا ہے۔ حادثے کے وقت اسپتال میں 171 مریض تھے اور 31 مریضوں کو آکسیجن کی ضرورت تھی۔
ناسک میونسپل کارپوریشن کے کمشنر کیلاش جادھو نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ٹینکر لیک ہونے کی وجہ سے نصف گھنٹے تک آکسیجن کی سپلائی بند رہی جس کی وجہ سے وینٹی لیٹرز پر موجود مریضوں کی اموات ہوئیں۔