سندھ میں نئی پابندیوں کا اعلان
پاکستان کے صوبے سندھ کی حکومت نے کرونا کیسز میں اضافے کے باعث کاروباری مراکز شام چھ بجے اور 29 اپریل سے انٹرسٹی ٹرانسپورٹ بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی سربراہی میں کووڈ-19 ٹاسک فورس کے اجلاس کے دوران کئی اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔
وزیرِاعلیٰ ہاؤس کی جانب سے کیے گئے ٹوئٹس کے مطابق صوبے بھر میں سرکاری دفاتر بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ سیکریٹریز کو اپنے ضروری اسٹاف کو بلانے کی اجازت ہو گی۔
اس کے علاوہ عوام کے سرکاری دفاتر میں آنے پر پابندی ہو گی جب کہ جیلوں میں قیدیوں سے ملاقات کرنا بھی منع ہو گا تاہم اسپتال اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ریستورانوں میں اِن ڈور اور آؤٹ ڈور ڈائننگ پر پابندی ہو گی۔ تاہم ٹیک اوے اور ڈیلوری جاری رہے گی۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ نےخبردار کیا ہے کہ کیسز میں اضافے کا سلسلہ جاری رہا تو بازار مکمل طور پر بند کر دیے جائیں گے۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ آفس کے اوقات کار صبح نو سے دو بجے تک ہوں گے۔ ان کے بقول صوبے میں گڈز ٹرانسپورٹ اور صنعتیں ایس او پیز کے ساتھ کھلی رہیں گی۔
پاکستان: 40 برس سے زائد عمر کے افراد ویکسین کے لیے رجسٹرڈ کرا سکیں گے
پاکستان کے وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے اجلاس کے دوران فیصلہ کیا ہے کہ کل سے 40 سال سے زائد عمر کے افراد ویکسین کے لیے خود کو رجسٹرڈ کرانے کے اہل ہوں گے۔
اسد عمر نے اپیل کی ہے کہ اگر آپ 40 سال یا اس سے زائد عمر کے ہیں تو خود کو رجسٹرڈ کرائیں اور دوسروں کو بھی اس کی حوصلہ افزائی کے لیے کہیں۔
وفاقی وزیر نے اپنے ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ 50 برس سے زائد عمر کے افراد کو ویکسی نیشن سینٹر آ کر ویکسین لگانے کی اجازت دینے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
بھارت میں ریکارڈ ساڑھے تین لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ
بھارت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران تین لاکھ 52 ہزار 991 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو ایک روز کے دوران کیسز کی ریکارڈ تعداد ہے۔
بھارت میں مسلسل پانچویں روز تین لاکھ سے زیادہ کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں جب کہ گزشتہ 72 گھنٹوں میں 10 لاکھ کیسز سامنے آئے ہیں۔
وزارتِ صحت کے مطابق وبا کے شکار مزید 2812 مریض دم توڑ گئے ہیں جس کے بعد ملک بھر میں اموات کی تعداد ایک لاکھ 95 ہزار ہو گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں کیسز کی مجموعی تعداد ایک کروڑ 73 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
بھارت کی مدد کے لیے پرعزم ہیں: بائیڈن
امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ جس طرح بھارت نے وبا کی ابتدا کے دوران بھارت نے امریکہ کی معاونت کی تھی اسی طرح ہم بھی ضرورت کے اس وقت بھارت کی مدد کے لیے پرعزم ہیں۔