پاکستان میں ریکارڈ اموات
پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے شکار 201 مریض دم توڑ گئے ہیں۔ وبا کے آغاز سے اب تک ایک روز کے دوران اموات کی یہ ریکارڈ تعداد ہے۔
پاکستان میں کرونا وائرس کے شکار 5214 مریضوں کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 49 ہزار سے زیادہ ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 5292 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
عالمی وبا سے پاکستان میں اب تک 17 ہزار 530 مریض ہلاک جب کہ آٹھ لاکھ 10 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
بریٹ لی کا بھارت کے لیے ایک بٹ کوائن عطیہ کرنے کا اعلان
سابق آسٹریلوی فاسٹ بالر بریٹ لی نے بھارت میں آکسیجن کی خریداری کے لیے ایک بٹ کوائن عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
بریٹ لی ان دنوں بھارت میں جاری انڈین پریمیئر لیگ میں کمنٹری کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ بھارت ان کا دوسرا گھر ہے اور وہ کرونا وائرس کے اس مشکل وقت میں بھارتی عوام کے ساتھ ہیں۔ ایک بٹ کوائن تقریباً چالیس لاکھ بھارتی روپوں کے برابر ہے۔
بریٹ لی دوسرے آسٹریلوی کرکٹر ہیں جنہوں نے بھارت کو آکسیجن کی خریداری کے لیے عطیہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ اس سے قبل پیٹ کمنس نے 50 ہزار ڈالر دینے کا اعلان کیا تھا۔
کرونا وائرس کا پھیلاؤ پھر تیز: پاکستان کتنا تیار ہے؟
پاکستان میں کرونا وائرس کی تیسری لہر کے دوران یومیہ چار ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔ یومیہ ہلاکتوں کی تعداد بھی 100 سے بڑھ چکی ہے۔ پاکستان اس صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے کیا کر رہا ہے؟ جانتے ہیں وزیرِ اعظم پاکستان کے مشیر برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان سے۔
بھارت میں کرونا اموات کی تعداد سرکاری ریکارڈ سے کہیں زیادہ ہے: مبصرین
بھارت میں گزشتہ کئی روز سے کرونا کیسز کی یومیہ تعداد تین لاکھ سے اوپر آ رہی ہے۔ جب کہ وبا سے ہونے والی یومیہ اموات کی تعداد ڈھائی ہزار سے تین ہزار کے درمیان ہے۔
لیکن مبصرین کا کہنا ہے کہ کرونا سے ہونے والی اموات کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے۔
ماہرین کے مطابق محکمۂ صحت کی جانب سے کرونا سے ہونے والی اموات کی جو تعداد بتائی جا رہی ہے وہ یقینی طور پر درست نہیں۔ اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے۔
ان کے مطابق ہمیں یہ نہیں معلوم کہ ان لوگوں کی تعداد کتنی ہے جو کرونا پازیٹیو ہونے کے باوجود بغیر ٹیسٹنگ کے انتقال کر گئے۔ یا جن کی ٹیسٹ رپورٹ اسپتالوں کی طرف سے عام نہیں کی گئی۔