امارات ایئر لائن بھارت کو کرونا امداد کی ترسیل کے لیے مفت سروسز دے گی
متحدہ عرب امارات کی ایمرٹس ایئر لائن نے اعلان کیا ہے کہ وہ بھارت میں کرونا متاثرین کی مدد کے لیے دنیا کے مختلف ممالک سے براستہ دبئی بھارت بھجوانے والے سامان کی مفت ترسیل کرے گی۔
اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری کیے گئے بیان میں ایمرٹس ایئر لائن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دبئی سے بھارت کے درمیان ایک طرح سے 'ایئر برج' بنایا جائے گا جس کے ذریعے مختلف ممالک سے بھارت کے لیے پہنچنے والے ضروری طبی سامان کی مفت ترسیل کی جائے گی۔
بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں رات کے کرفیو میں 17 مئی تک توسیع
بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر کی انتظامیہ نے جموں و کشمیر میں کرونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیشِ نظر کرفیو میں 17 مئی تک توسیع کر دی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ تمام 20 اضلاع میں سخت پابندیاں نافذ کی جائیں گی جب کہ صرف ضروری اشیا کی دکانیں کھولنے کی اجازت ہو گی۔
جموں و کشمیر میں وائرس کے فعال کیسز کی تعداد 46 ہزار تک جا پہنچی ہے۔
پابندیوں کے دوران شادی کی تقریبات میں 25 افراد ہی شریک ہو سکیں گے۔
بھارت میں پھر چار ہزار سے زائد یومیہ اموات، نئی دہلی میں مزید ایک ہفتے کا لاک ڈاؤن
بھارت میں کرونا وائرس کی دوسری لہر کی شدت برقرار ہے جب کہ اتوار کو ملک میں مزید چار ہزار سے زائد اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔
بھارت میں مہلک وائرس کے ہاتھوں ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد دو لاکھ 42 ہزار سے بڑھ گئی ہے جب کہ مزید چار لاکھ تین ہزار 738 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔
وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے نئی دہلی کے وزیرِ اعلٰی اروند کیجری وال نے لاک ڈاؤن میں مزید ایک ہفتے کی توسیع کر دی ہے۔
لاک ڈاؤن کے نئے احکامات کے تحت نئی دہلی میں میٹرو سروسز بھی معطل رہیں گی اب دہلی میں 17 مئی تک لاک ڈاؤن نافذ رہے گا۔
نئی دہلی میں وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 35 فی صد سے کم ہو کر 23 فی صد ہو گئی ہے۔ تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ اب بھی یہ بہت زیادہ ہے۔
البتہ، ملگ گیر لاک ڈاؤن کے لیے وفاقی حکومت پر اپوزیشن جماعتوں اور طبی ماہرین کا دباؤ بڑھتا جا رہا ہے۔
عوام عید کے موقع پر ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنائیں، صدر علوی
پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے ملک میں آٹھ روزہ جزوی لاک ڈاؤن کے دوران لوگوں کو گھروں میں رہنے کی اپیل کی ہے۔
اپنی ایک ٹوئٹ میں صدرِ پاکستان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کیسز اس طرح نہیں بڑھ رہے جیسا کے ہمارے ہمسایہ ممالک میں صورتِ حال ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اوسطً اب چار ہزار یومیہ کیس رپورٹ ہو رہے ہیں۔ لہذٰا ہمیں اب بھی احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے۔
صدر علوی کا کہنا تھا کہ رمضان اور عید کے موقع پر احتیاط کریں اور حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس پی او ایز پر سختی سے عمل کریں۔