رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

18:24 28.5.2021

پنجاب میں گرمیوں کی تعطیلات مختصر کرنے کا فیصلہ

پاکستان کے صوبۂ پنجاب میں کرونا وائرس کی تیسری لہر کے دوران رواں سال اسکولوں میں گرمیوں کی مختصر تعطیلات ہوں گی۔

پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کے ساتھ میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کرونا وباء کے باعث طلبا کا بہت نقصان ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سال اسکولوں میں گرمیوں کی تعطیلات دو سے تین ہفتے کے لیے کی جائیں گی۔

15:21 28.5.2021

مدافعتی نظام کا ایک حصہ کرونا کے مختلف ویرینٹ کے خلاف تحفظ فراہم کر سکتا ہے: تحقیق

دنیا بھر میں کرونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ویکسی نیشن کے عمل کو تیز کیا جا رہا ہے اور اس دوران کرونا کی مختلف اقسام بھی سامنے آ رہی ہیں۔

اسی حوالے سے حال ہی میں ایک تحقیق کی گئی ہے جس میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ مدافعتی نظام کا ایک حصہ 'ٹی سیل' کرونا کی مختلف اقسام کے خلاف تحفظ فراہم کر سکتا ہے۔

امریکی جرنل 'سائنس امیونولوجی' میں کرونا وائرس کے نئے ویرینٹس اور مدافعتی نظام کے ردِ عمل سے متعلق 25 مئی کو ایک تحقیق شائع کی گئی ہے۔

تحقیق کے مطابق جب جسم میں کرونا وائرس کی مختلف قسم داخل ہونے کی وجہ سے مدافعتی نظام کی فرسٹ لائن یعنی 'اینٹی باڈیز' کمزور پڑ جاتی ہیں تو نظام کا دوسرا حصہ یعنی 'ٹی سیل' وائرس کے خلاف متحرک ہو جاتا ہے۔

جب جسم میں کوئی بھی وائرس داخل ہوتا ہے تو انفیکشن سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے سب سے پہلے مدافعتی نظام کی فرسٹ لائن یعنی اینٹی باڈیز متحرک ہو جاتی ہیں اور یہ وائرس کو خلیوں (سیل) میں داخل ہونے سے روکتی ہے۔

مزید جانیے

15:19 28.5.2021

اوہائیو کی کرونا ویکسین لاٹری، 10 لاکھ ڈالر ایک خاتون کے نام

امریکی ریاست اوہائیو کے جنوب مغربی علاقے کی ایک خاتون نے کرونا ویکسین لگوانے پر دس لاکھ ڈالر کا انعام جیت لیا ہے۔ جب کہ اسی پروگرام کے تحت ایک طالب علم کو اسکالرشپ مل گیا ہے جس سے اس کے کالج کی تعلیم کے تمام اخراجات پورے ہو سکیں گے۔

اوہائیو میں لوگوں کو عالمی وبا سے بچاؤ کی ویکسین لگوانے کی جانب راغب کرنے کے لیے حکومت نے ایک انعامی مہم شروع کی ہے۔ جس میں ویکسین لگوانے والے اپنا اندراج کرا سکتے ہیں۔

اس مہم کے دوران ہر ہفتے قرعہ اندازی کے ذریعے دس لاکھ ڈالر کی لاٹری اور کالج کی تعلیم کے تمام اخراجات کے مساوی اسکالرشپ جیتنے والوں کے ناموں کا اعلان کیا جاتا ہے۔

ویکسین لگوانے کے انعامی پروگرام 'ویکس اے ملین' کی پہلی قرعہ اندازی پیر کو کی گئی تھی جب کہ جیتنے والوں کے ناموں کا باضابطہ اعلان ان کے کوائف کی تصدیق کے بعد بدھ کی رات ایک خصوصی ٹی وی شو میں کیا گیا۔

دس لاکھ ڈالر کا انعام سنسناٹی کے قریبی قصبے سلورٹن کے ابھیگیل بوگنسکی نے حاصل کیا، جب کہ کالج کی مکمل تعلیم کا اسکالرشپ ڈیٹن میں رہنے والے جوزف کاسٹیلو کے نام رہا۔

مزید جانیے

15:17 28.5.2021

بھارت میں کرونا سے اموات اور طریقۂ علاج پر بیان، بابا رام دیو اور ڈاکٹروں میں نیا تنازع

بھارت کے ڈاکٹروں اور یوگا گرو بابا رام دیو کے درمیان علاج کے طریقۂ کار پر تنازع ہو گیا ہے۔ بابا رام دیو کے بعض بیانات کی وجہ سے ڈاکٹروں نے وزیرِ اعظم نریندر مودی سے ان کے خلاف ملک سے غداری کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری جانب بابا رام دیو نے کہا ہے کہ کسی میں ہمت نہیں ہے جو ان کو گرفتار کر سکے۔

کاروباری شخصیت اور یوگا گرو سے ڈاکٹروں کا یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب بابا رام دیو نے گزشتہ ہفتے اپنے معتقدین سے گفتگو میں ایلوپیتھی طریقۂ علاج کا مذاق اڑایا تھا اور کہا تھا کہ ایلوپیتھی بیوقوفی والی اور دیوالیہ سائنس ہے۔

ان کے بقول کرونا کے علاج میں پہلے کلوروکوئن ناکام ہوئی۔ پھر ریمڈی سیور ناکام ہوئی۔ پھر اینٹی بائیو ٹیک اور اسٹیرائیڈ ناکام ہوئیں اور اب پلازمہ تھراپی پر پابندی لگا دی گئی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ 10 ہزار ڈاکٹر ویکسین لینے کے باوجود ہلاک ہو چکے ہیں۔ دواؤں اور آکسیجن کی قلت سے اتنے لوگ نہیں مرے ہیں جتنے کہ ایلوپیتھی طریقۂ علاج سے مرے ہیں۔

بھارت میں ڈاکٹروں کی تنظیم ’انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن‘ (آئی ایم اے) نے وزیرِ اعظم کے نام اپنے مکتوب میں کہا کہ بابا رام دیو نے 10 ہزار ڈاکٹروں کی موت کی بات کی ہے۔ ان کا یہ بیان کرونا وبا پر قابو پانے کے قومی مفادات کے خلاف ہے۔

مکتوب کے مطابق آئی ایم اے کے خیال میں یہ ملک سے غداری کا واضح کیس ہے۔ اس کے علاوہ یہ قومی مفادات اور ملک کے غریب عوام کو نقصان پہنچانے والا معاملہ ہے۔

مزید جانیے

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG