میکسیکو کی ایک چوتھائی آبادی وبا سے متاثر
میکسیکو کی وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ ملک کل ملکی آبادی 12 کروڑ 60 لاکھ کا ایک چوتھائی حصہ کرونا وبا سے متاثر ہوا ہے۔ جو کہ ملک میں کرونا کے مصدقہ رپورٹ کیے جانے والے کیسز سے کہیں زیادہ ہے۔
وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ 2020 میں ہونے والے ایک سروے کے مطابق تین کروڑ 11 لاکھ افراد وبا سے متاثر ہوئے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید تین ہزار 282 افراد وبا سے متاثر اور 243 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
میکسیکو میں اب تک دو کروڑ 44 لاکھ 88 ہزار سے زائد کرونا کے مصدقہ کیسز رپورٹ کیے گئے ہیں۔ جب کہ دو لاکھ 29 ہزار سے زائد اموات ہوئی ہیں۔
خیال رہے کہ حکومت پہلے یہ کہہ چکی ہے کہ کرونا سے متاثرہ افراد کی تعداد، رپورٹ کی جانے والی تعداد سے زیادہ ہو سکتی ہے۔
بھارتی کشمیر کی دور افتادہ وادیوں میں ویکسی نیشن کے لیے طبی اہلکاروں کا پیدل سفر
بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں طبی اہلکار دور افتادہ وادیوں میں آباد افراد کی کرونا ویکسی نیشن کے لیے گھنٹوں کا سفر پیدل کر رہے ہیں۔
کشمیر کے دارالحکومت سے 60 میل سے بھی زیادہ فاصلے پر واقع لدر وٹ علاقے میں پہنچنے کے لیے طبی اہلکاروں نے چھ گھنٹوں سے بھی زائد پیدل سفر کیا۔ تا کہ وہاں آباد قبائل کو کرونا ویکسین لگائی جا سکے۔
طبی اہلکاروں کے لیے ان وادیوں میں آباد افراد کو ویکسین لگانے کے علاوہ انہیں ویکسین لگوانے کے لیے آمادہ کرنا بھی ایک مشکل امر ہے۔
مقامی طبی اہلکار ناصر خان کے مطابق یہاں آباد افراد تعلیم یافتہ نہیں ہیں اور وہ ویکسین سے متعلق آگاہ نہیں ہیں۔
ناصر خان کا مزید کہنا تھا کہ یہاں کے لوگوں کو پہلے قائل کرنا پڑا تا کہ وہ ویکسین لگوا لیں۔
بھارت: ایک روز میں ریکارڈ 6148 اموات
بھارت میں ایک ہی دن میں کرونا وائرس سے ریکارڈ 6148 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔ دنیا کے کسی بھی ملک کے مقابلے میں یہ یومیہ سب سے زیادہ اموات ہیں۔
بھارتی ریاست بہار نے بدھ کو کرونا سے ہونے والی مجموعی اموات کے اعداد و شمار پر مبنی ڈیٹا میں تبدیلی کی ہے جو 5400 سے بڑھ کر 9400 سے زیادہ ہو گئی ہیں۔
ڈیٹا میں تبدیلی کے بعد بھارت کی وزارتِ صحت نے جمعرات کو 6148 مریضوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
اس سے قبل امریکہ میں رواں برس 12 فروری کو ایک روز کے دوران سب سے زیادہ 5444 اموات رپورٹ ہوئی تھیں۔
بھارت کی وزارتِ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں مسلسل تیسرے روز ایک لاکھ سے بھی کم کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ 94 ہزار 52 کیسز کے اضافے کے ساتھ بھارت میں مجموعی کیسز کی تعداد دو کروڑ 92 لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے جب کہ تین لاکھ 59 ہزار 676 مریض ہلاک ہو چکے ہیں۔
پاکستان: کرونا کیسز میں کمی کا سلسلہ جاری
پاکستان میں یومیہ کیسز میں مسلسل کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے اور ایک روز کے دوران کیسز کی تعداد گھٹ کر ڈیڑھ ہزار سے بھی کم ہو گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 1303 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جب کہ وبا کے شکار مزید 76 مریض چل بسے ہیں۔
پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 41 ہزار 824 افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے اور مثبت کیسز کی شرح تین اعشاریہ ایک فی صد رہی۔