رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

17:59 17.6.2021

انڈونیشیا: ویکسین لینے والے طبی عملے کے افراد بھی وبا سے متاثر

انڈونیشیا میں حکام کا کہنا ہے کہ کئی ایسے ڈاکٹرز اور طبی عملے کے افراد کرونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں جن کو چین کی ویکسین لگائی گئی تھی، اور ان میں سے بیشتر متاثرہ افراد کو اسپتالوں میں بھی داخل کیا گیا ہے۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق حکام کا کہنا تھا کہ ویکسی نیشن کے بعد اب تک 350 ڈاکٹروں اور طبی عملے کے افراد سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ان زیرِ علاج افراد کو چین کی سائنو وک ویکسین لگائی جا چکی تھی۔

حکام کا مزید کہنا تھا کہ بیشتر افراد میں وبا کی علامات ظاہر نہیں ہوئی ہیں اور انہوں نے گھروں میں خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔

17:48 17.6.2021

چین کا کرونا کے آغاز پر تحقیقات میں امریکہ کو اولین ترجیح دینے پر زور

چین کے متعدی امراض کے اعلیٰ ماہر نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے آغاز پر ہونے والی تحقیقات کے اگلے مرحلے میں امریکہ سے متعلق بھی تحقیقات اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

خبر رساں ادارے ’رائٹز‘ نے چین کے سرکاری میڈیا کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ متعدی امراض کے ماہرین کے یہ مطالبہ ایسے وقت میں کیا ہے کہ جب یہ رپورٹس سامنے آئی ہیں کہ امریکہ میں دسمبر 2019 میں کرونا وائرس کے کیسز موجود تھے۔

چین کے سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن کے سربراہ زینگ گوانگ کا کہنا تھا کہ اب توجہ امریکہ پر دینی چاہیے۔ کیوں کہ وبا کے آغاز میں امریکہ میں کم تعداد میں ٹیسٹ ہو رہے تھے۔ جب کہ امریکہ میں کئی بائیولوجیکل لیبارٹریز بھی موجود ہیں۔

13:26 16.6.2021

تاج محل سیاحوں کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا

فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارت کا مشہور سیاحتی مقام تاج محل بدھ کو سیاحوں کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔​

حکام نے یومیہ 650 سیاحوں کو تاج محل آنے کی اجازت دی ہے۔ وبا سے احتیاط برتنے کے پیشِ نظر سیاحوں کو قبر چھونے کی اجازت نہیں ہے۔

تاج محل مغل بادشاہ شاہ جہاں نے اپنی اہلیہ ممتاز محل کی یاد میں 17 ویں صدی میں تعمیر کرایا تھا اور یہاں ان دونوں کی قبریں موجود ہیں۔

بھارت میں گزشتہ کئی روز سے کرونا کے یومیہ کیسز میں کمی ہو رہی ہے جس کے بعد متعدد ریاستوں میں عائد پابندیوں میں نرمی بھی کی گئی ہے۔

بھارت کے شہر آگرہ میں واقع مشھور سیاحتی مقام تاج محل کو کرونا کیسز میں اضافے کے باعث گزشتہ برس مارچ میں بند کیا گیا تھا، جس کے بعد تاج محل کو ستمبر میں دوبارہ کھول دیا گیا تھا۔

رواں برس اپریل میں کرونا کیسز میں تیزی سے اضافے کے بعد تاج محل کو ایک مرتبہ پھر سیاحوں کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔

13:15 16.6.2021

نیویارک میں تمام ریاستی پابندیاں ختم کرنے کا اعلان

امریکہ کے شہر نیویارک میں کرونا کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے ریاست کی جانب سے عائد کی جانے والی تمام پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

نیو یارک کے گورنر اینڈریو کومو نے منگل کو اعلان کیا کہ نیویارک میں 70 فی صد بالغ افراد کو ویکسین کی کم از کم ایک خوراک فراہم کی جا چکی ہے، جس کے بعد اب شہر میں عائد تمام پابندیاں ختم کی جا رہی ہیں۔

گورنر اینڈریو کومو کا کہنا ہے کہ اس موقع پر منگل کی رات کو جشن کے طور پر آتش بازی کا مظاہرہ کیا جائے گا۔

امریکہ میں کرونا کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے ویکسی نیشن کا عمل تیز کیا جا رہا ہے اور ملک میں گزشتہ کئی ہفتوں سے یومیہ کیسز اور اموات میں کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG