رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

14:41 28.6.2021

جاپان: ڈیلٹا ویرینٹ سے متاثرہ ممالک سے آنے والے ایتھلیٹس کو روزانہ ٹیسٹس کرانے کی ہدایت

جاپان، بھارت اور پاکستان سمیت دیگر چار ممالک جو کرونا وائرس کے ڈیلٹا ویرینٹ سے شدید متاثر ہیں، کے ایتھلیٹس سے کہے گا کہ وہ ٹوکیو اولمپکس کے لیے آنے سے پہلے سات دنوں تک روزانہ کرونا ٹیسٹ کرائیں۔

جاپان کی حکومت کا کہنا ہے کہ وہ بھارت، مالدیپ، نیپال، پاکستان، سری لنکا اور افغانستان سے آنے والے ایتھلیٹس پر یکم جولائی سے اس پابندی کا اطلاق کرے گا۔

اس وقت تمام بین الاقوامی کھلاڑیوں کو کہا گیا ہے کہ وہ اولمپکس میں آنے سے چار دن پہلے دو بار کرونا ٹیسٹس کرائیں۔

خیال رہے کہ ٹوکیو اولمپکس، کرونا وبا کے سبب ایک سال کی تاخیر کے بعد اگلے ماہ 23 جولائی سے شروع ہو رہی ہیں۔

وزیر اولمپکس کا جمعے کو کہنا تھا کہ یوگنڈا کی ٹیم کے ایک ایتھلیٹ میں جاپان پہنچنے پر ڈیلٹا ویرینٹ کی تشخیص ہوئی ہے۔ جس کے باعث خدشات پیدا ہو گئے ہیں کہ اولمپکس کے آغاز سے وبا کی نئی لہر شروع ہو سکتی ہے۔

13:58 28.6.2021

جنوبی افریقہ: کرونا کیسز میں اضافے کے باعث عائد کردہ پابندیوں میں سختی کر دی گئی

جنوبی افریقہ میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے عائد کردہ پابندیوں میں 14 روز کے لیے سختی کر دی گئی ہے۔

صدر سیرل راما فوسا کا ٹی وی خطاب میں کہنا تھا کہ اضافی پابندیاں ضروری ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ سماجی رابطوں کو محدود کیا جائے اور معیشت کو بھی بحال رکھ سکیں۔

جنوبی افریقہ، براعظم افریقہ میں کرونا کیسز اور اموات کے حساب سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے۔ جسے اس وقت کرونا وبا کی تیسری لہر کا سامنا ہے۔

مقامی سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کا ڈیلٹا ویرینٹ جس کی سب سے پہلے بھارت میں تشخیص کی گئی تھی، وہ تیزی سے پھیل رہا ہے۔

جنوبی افریقہ میں ہفتے کو لگ بھگ 18 ہزار نئے کیسز رپورٹ کیے گئے۔ جو کہ رواں سال جنوری میں رپورٹ کیے جانے والے ریکارڈ یومیہ کیسز کے قریب ہیں۔

اعلان کردہ پابندیوں میں اجتماعات پر پابندی کے علاوہ رات نو بجے سے صبح چار بجے تک کرفیو لگایا جائے گا۔ جب کہ الکوحل کی فروخت پر بھی پابندی ہو گی۔

13:57 28.6.2021

آسٹریلیا: ڈیلٹا ویرینٹ کے پھیلاؤ کے سبب ایمرجنسی میٹنگ طلب

آسٹریلیا میں کرونا وائرس کی انتہائی مہلک قسم ڈیلٹا ویرینٹ کے پھیلاؤ کے پیش نظر کرونا وبا سے نمٹنے والی کمیٹی کی پیر کو ایمر جنسی میٹنگ طلب کر لی گئی ہے۔

وزیر خزانہ جوشفرائڈنبرگ کا 'آسٹریلین براڈ کاسٹنگ کارپوریشن' کو دیے جانے والے انٹرویو میں کہنا تھا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ آسٹریلیا مزید مہلک ڈیلٹا ویرینٹ کے ساتھ وبا کے ایک نئے دور میں داخل ہو رہا ہے۔

آسٹریلیا میں لگ بھگ ایک کروڑ 80 لاکھ آسٹریلوی یا آبادی کا 70 فی صد حصے کو وبا کے سبب لگائے گئے لاک ڈاؤن یا پابندیوں کا سامنا ہے اور لگ بھگ تمام ریاستیں اور علاقے کرونا وبا کی لپیٹ میں ہیں۔

خیال رہے کہ آسٹریلیا کے گنجان ترین شہر سڈنی میں ہفتے کے اختتام پر دو ہفتوں کا لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا تھا۔ جب کہ شمالی شہر ڈارون وبا کی وجہ سے دو دنوں کے لیے بند ہے۔

17:04 27.6.2021

بھارت: وزیراعظم نریندر مودی کی شہریوں سے جلد از جلد ویکسین لگوانے کی اپیل

فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارتی وزیراعظم نے ہفتہ وار ریڈیو خطاب میں اپیل کی ہے کہ شہری سماجی دوری اختیار کریں اور فیس ماسک پہنیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہی بہترین احتیاط ہے اور اس کے بارے میں سوچیں۔

نریندر مودی کا ورچوئل میٹنگ میں کمیونٹی رہنماؤں سے کہنا تھا کہ وہ دیہاتیوں میں ویکسین کی افادیت سے متعلق معلومات پھیلائیں اور ویکسین کے سائیڈ ایفیکیٹس کے بارے میں افواہوں کو ختم کریں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت ویکسین لگانے کا یومیہ ہدف ایک کروڑ پورا کرے تاکہ رواں سال دسمبر تک اٹھارہ سال سے زائد عمر والے تمام افراد کو ویکسین لگا دی جائے۔

تاہم بھارت میں اب تک صرف چھ فی صد سے کم افراد کو ویکسین کی دونوں خوراکیں لگائی گئی ہیں۔

خیال رہے کہ بھارت کی چند ریاستوں میں کرونا وائرس کے ڈیلٹا ویرینٹ کی تشخیص پر خدشات بڑھ رہے ہیں۔

وزارت صحت کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق بھارت میں پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران 50 ہزار سے زائد نئے کیسز اور ایک ہزار 258 اموات رپورٹ کی گئیں۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG