پاکستان میں کرونا کے 1500 سے زائد نئے کیسز
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے ایک ہزار 590 نئے کیسز کی تصدیق کی گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 43 ہزار 790 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے مثبت کیسز کی شرح تین اعشاریہ چھ تین رہی۔
ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا سے مزید 21 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
پاکستان میں کرونا سے اب تک نو لاکھ 76 ہزار 867 افراد متاثر ہو چکے ہیں جب کہ وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 22 ہزار 618 ہے۔
بھارت میں کرونا سے مزید دو ہزار بیس اموات
بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا سے مزید 31 ہزار 443 افراد متاثر ہوئے ہیں۔
وزارتِ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کرونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد میں دو ہزار 20 کا اضافہ ہوا ہے۔
ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 49 ہزار سات افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔
بھارت میں کرونا وائرس سے اب تک تین کروڑ نو لاکھ سات ہزار 282 افراد متاثر ہو چکے ہیں جب کہ وائرس سے ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد چار لاکھ 10 ہزار 784 ہے۔
عالمی سطح پر کرونا کیسز میں مسلسل چوتھے ہفتے اضافہ
عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے پیر کو کہا ہے کہ عالمی سطح پر مسلسل چوتھے ہفتے کرونا کیسز میں اضافہ ہوا ہے۔
ڈبلیو ایچ او کے مطابق دنیا بھر میں 10 ہفتوں کی کمی کے بعد کرونا سے اموات بھی بڑھ رہی ہیں۔
دنیا بھر میں کرونا وائرس کی قسم 'ڈیلٹا' تیزی سے پھیل رہی ہے اور یہ قسم 104 ممالک تک پہنچ چکی ہے۔
سوئٹزرلینڈ میں ڈبلیو ایچ او کے ہیڈکوارٹرز میں بریفنگ کے دوران ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈہنم گیبریاسس نے کہا کہ عالمی ادارۂ صحت کو تمام خطوں سے رپورٹس موصول ہوئی ہیں جہاں اسپتال ایک مرتبہ پھر بھر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کرونا کا ڈیلٹا ویرینٹ جلد ہی دنیا میں سب سے زیادہ پھیلنے والا ویرینٹ بن جائے گا۔
عراق: کرونا اسپتال میں آتش زدگی سے کم از کم 44 مریض ہلاک
عراق کے جنوبی شہر ناصریہ میں کرونا وائرس کے ایک اسپتال میں پیر کو لگنے والی آگ سے کم از کم 44 افراد ہلاک اور 67 زخمی ہوگئے ہیں۔ وزیرِ اعظم مصطفیٰ کاظمی نے متعلقہ ذمہ دار حکام کی گرفتاری کا حکم دیا ہے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق عراق کے صحت اور پولیس حکام نے اسپتال میں آتش زدگی کے نتیجے میں ہونے والی اموات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ آگ ممکنہ طور پر آکسیجن ٹینک کے دھماکے کے باعث لگی ہے۔
واقعے کے بعد صحت کا عملہ جھلسی ہوئی لاشوں کو اسپتال سے باہر نکالتا رہا جب کہ کئی مریض دھویں کے باعث کھانستے دکھائی دیے۔
ناصریہ میں صحت کے حکام کے مطابق الحسین کرونا وائرس اسپتال میں آگ پر قابو پانے کے بعد سرچ آپریشن جاری ہے۔ البتہ دھویں اور بدبو کے باعث متاثرہ وارڈز میں امدادی کارروائیوں کے لیے مشکلات پیش آ رہی ہیں۔