ترکی میں کرونا پابندیاں ختم، رونقیں بحال ہونے لگیں
کرونا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے ویکسی نیشن مہم میں تیزی اور انفیکشن کی شرح میں کمی کے سبب اب ترکی میں 'کووڈ 19' سے متعلق تقریباً تمام پابندیاں ہٹا دی گئی ہیں۔ ملک میں کئی ماہ کی بندش کے بعد اب معمولاتِ زندگی ایک مرتبہ پھر بحال ہو رہے ہیں۔ تفصیلات دیکھیے۔
پاکستان میں کیسز پھر بڑھنے لگے
پاکستان میں کرونا کیسز میں ایک بار پھر اضافہ ہونے لگا ہے۔ جب کہ ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح بھی چھ فی صد کے قریب پہنچ گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں وبا سے مزید دو ہزار 783 افراد متاثر ہوئے ہیں جب کہ 39 افراد کی موت ہوئی ہے۔
ملک بھر میں زیرِ علاج افراد کی تعداد بھی ساڑھے 45 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
حکام کے مطابق ملک بھر میں 49 ہزار سے زائد ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.65 رہی۔
بھارت میں 41 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ
بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 41 ہزار 806 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
وزارتِ صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کرونا وائرس سے 581 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران 39 ہزار 130 افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔
بھارت میں کرونا وائرس سے اب تک تین کروڑ 98 لاکھ سات ہزار 880 افراد متاثر ہو چکے ہیں جب کہ وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی کُل تعداد چار لاکھ 11 ہزار 989 ہے۔
اسپتالوں میں کرونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ: اسد عمر
پاکستان میں کرونا وبا پر قابو پانے والے ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ اسپتالوں میں کرونا کے مریضوں تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
اسد عمر نے جمعرات کو ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ کرونا کے تشویش ناک مریضوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں تشخیص ہونے والی قسم ’ڈیلٹا‘ خطے میں تباہی کا باعث بن رہی ہے۔
اسد عمر نے شہریوں کو جلد از جلد ویکسین لگوانے اور ایس او پیز پر عمل کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔