رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

21:30 17.7.2021

ٹوکیو اولمپکس ویلیج میں ایک شخص میں وبا کی تشخیص

ٹوکیو اولمپکس کے منتظمین کا کہنا ہے کہ اولمپکس ویلیج کے ایک رہائشی میں کرونا وبا کی تشخیص ہوئی ہے۔

منتظمین کا ہفتے کو کہنا تھا کہ متاثرہ شخص کھیلوں میں حصہ لینے والا ایتھیلیٹ نہیں ہے۔ جو کہ رواں ماہ 23 جولائی کو شروع ہو رہے ہیں۔

اولمپک کمیٹی کے صدر سیکو ہاشی موتو نے بھی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرونا کا یہ کیس جمعے کو سامنے آیا۔

ٹوکیو آرگنائزنگ کمیٹی کے سی ای او توشیرو متو کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں کرونا کیس کا سامنے آنا ممکن ہے۔

رپورٹس کے مطابق مذکورہ شخص کو گیمز سے متعلقہ شخص کے طور پر ظاہر کیا گیا ہے۔ جب کہ یہ شخص جاپان کا شہری نہیں ہے۔

منتظمین کے مطابق اس شخص کو 14 روز کے لیے قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ ٹوکیو کے ساحل پر قائم کردہ اولمپک ویلیج میں لگ بھگ 11 ہزار ایتھیلیٹس قیام کریں گے۔ جب کہ ہزاروں کی تعداد میں دیگر عملہ بھی اسی علاقے میں قیام کرے گا۔

21:25 17.7.2021

فرانس: ایفل ٹاور آٹھ ماہ بعد سیاحوں کے لیے کھول دیا گیا

فرانس کے شہر پیرس میں کرونا وبا کے باعث بند ایفل ٹاور کو آٹھ ماہ بعد جمعے کو کھول دیا گیا ہے۔

اس موقع کو یادگار بنانے کے لیے جرمن شہری ایرک گوپل نے اپنی گرل فرینڈ کو ٹاور کے ٹاپ فلور پر شادی کی پیش کش کی۔

تاریخی شہر پیرس کے دلفریب منظر کو پس منظر میں رکھتے ہوئے 29 سالہ ایرک نے اپنے گھٹنوں پر بیٹھ کر 25 سالہ کاٹجا پانکے کی انگلی میں انگوٹھی پہنائی۔

آنکھوں میں خوشی کے آنسو لیے کاٹجا کا کہنا تھا کہ انہوں نے یہ پیش کش قبول کی اور وہ بہت خوش ہیں۔

ایفل ٹاور دوبارہ سے کھلنے کے بعد گوپل اور کاٹجا اس سیاحتی مقام کا سب سے پہلے دورہ کرنے والے سیاحوں میں شامل تھے۔

خیال رہے کہ جنگ عظیم دوئم کے بعد یہ پہلا تھا کہ جب ایفل ٹاور کو اتنی دیر کے لیے بند کیا گیا تھا۔

گوپل کا کہنا تھا کہ ان کی گرل فرینڈ ہمیشہ سے ہی ایفل ٹاور کا دورہ کرنا چاہتی تھیں اور اب یہ موقع مزید خاص ہو گیا ہے۔

21:21 17.7.2021

آسٹریلیا میں کرونا کیسز میں اضافہ، غیر ضروری اشیا کی دکانیں بند

آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں تین ہفتوں سے نافذ کردہ لاک ڈاؤن کے باوجود کرونا کیسز میں ہونے والے اضافے کے پیشِ نظر حکام نے غیر ضروری اشیا کی دکانیں بند کرنے کا حکم دیا ہے۔

حکام نے خبردار کیا ہے کہ جو آجر ملازمین کو دفاتر میں آنے کا کہے گا اس پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

آسٹریلوی ریاست نیو ساؤتھ ویلز میں، جس کا دارالحکومت سڈنی ہے، حکام نے مغربی علاقوں میں کام کے لیے جانے والے افراد پر پابندی عائد کر دی ہے۔ جو کہ وبا سے شدید متاثر ہے اور جہاں پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران 111 کرونا کیسز رپورٹ کیے گئے ہیں۔

ریاست میں وبا کے سبب ایک موت بھی رپورٹ کی گئی۔ جو کہ رواں سال میں وبا کے باعث ہونے والی تیسری ہلاکت ہے۔

آسٹریلیا کے سب سے بڑے شہر سڈنی، جس کی آبادی 50 لاکھ ہے، میں 26 جون سے 30 جولائی تک لاک ڈاؤن نافذ ہے۔

حکام کے مطابق آبادی میں وبا ایئر پورٹ کے ایک ٹرانزٹ ڈرائیور کے ذریعے پھیلی جس کے بعد کرونا وائرس کی مہلک قسم ڈیلٹا ویرینٹ پھیلنا شروع ہوا۔

21:16 17.7.2021

بھارت: طویل عرصے سے گھروں تک محدود افراد کا سیاحتی مقامات کا رخ

بھارت میں کرونا وبا کے باعث ایک طویل عرصے تک گھروں میں محدود شہری بڑی تعداد میں شمالی بھارت کے سب سے مشہور تفریحی مقام شملہ کا رخ کر رہے ہیں۔

بھارت میں وائس آف امریکہ کی نامہ نگار انجنا پسریچہ کی رپورٹ کے مطابق، شملہ کے ہل سٹیشن کے مناظر کچھ ایسے ہیں کہ جیسے کرونا وبا کا خطرہ مکمل طور پر ٹل چکا ہو۔ کہیں لوگ گھڑ سواری کرتے نظر آرہے ہیں، تو کچھ ہمالیہ کی فلک بوس چوٹیوں کے نظاروں سے محظوظ ہو رہے ہیں۔ سیاحوں کے رش کی وجہ سے اس خوبصورت ہل اسٹیشن کے کیفے اور ریستوران بھی اب مستقل مصروف ہیں۔

اپریل اور مئی کے مہینوں میں بھارت کرونا وبا کی شدید لپیٹ میں تھا۔ اب جبکہ صورتحال میں بہتری آئی ہے لوگ سیر و تفریح کے لئے باہر نکل آئے ہیں اور ماہرین اسے 'ریوینج ٹریول' یا الجھن دور کرنے والی سیر و تفریح قرار دے رہے ہیں۔ یوں، جیسے ایک سال تک ذہنی تناؤ، لاک ڈاونز اور تنہا رہنے کے بعد وبا کو شکست دینے پر فتح کا اعلان کیا جا رہا ہو۔

مزید جانیے

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG