پاکستان میں کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 4.89 فی صد ہو گئی
پاکستان میں کرونا کے ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور اب یہ شرح پانچ فی صد تک پہنچ گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 37 ہزار 636 ٹیسٹ کیے گئے۔ جن کے مثبت آنے کی شرح 4.89 فی صد رہی۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 1841 افراد کے وبا سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی۔
خیال رہے کہ اب تک ملک بھر میں 10 لاکھ ایک ہزار 875 افراد وبا سے متاثر ہوئے ہیں جن میں سے نو لاکھ 84 ہزار صحت یاب ہو چکے ہیں جب کہ 22 ہزار 971 اموات ہوئی ہیں۔
پاکستان میں فضائی سفر کے لیے ویکسی نیشن لازمی قرار
پاکستان میں حکومت نے اندرونِ ملک سفر کے لیے ویکسی نیشن لازمی قرار دے دی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق یکم اگست سے ملک کے اندر کہیں بھی فضائی سفر کے لیے ویکسی نیشن سرٹیفیکیٹ لازمی دینا ہوگا۔
فضائی سفر کے خواہش مند افراد سے حکام کا کہنا ہے کہ کسی بھی پریشانی سے بچنے کے لیے 31 جولائی تک ویکسی نیشن لازمی کرا لی جائے۔
امریکہ کا پاکستان کو موڈرنا ویکسین کی مزید 30 لاکھ خوراکیں فراہم کرنے کا اعلان
امریکہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ پاکستان کو موڈرنا ویکسین کی مزید 30 لاکھ خوراکیں فراہم کر رہا ہے۔
بائیڈن انتظامیہ کی جانب سے جمعے کو اعلان کیا گیا کہ موڈرنا ویکسین کی یہ مزید خوراکیں اتوار کو پاکستان پہنچ جائیں گی۔
پاکستان کی وزارتِ خارجہ نے امریکہ کے اعلان کو قابلِ تحسین قرار دیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کو ویکسین کی یہ خوراکیں عالمی ادارہ صحت کے کوویکس پروگرام کے تحت دی جا رہی ہیں۔
قبل ازیں امریکہ پاکستان کو موڈرنا ویکسین کی 25 لاکھ خوراکیں فراہم کر چکا ہے۔
پاکستان میں متاثرہ افراد کی تعداد 10 لاکھ سے متجاوز
پاکستان میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 25 ہزار 215 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے ایک ہزار 425 افراد میں کرونا کی تشخیص ہوئی ہے۔
ملک میں کرونا سے مزید 11 افراد بھی ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد کرونا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 22 ہزار 939 ہو گئی ہے۔
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 543 افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔