وہی ملازم دفتر میں داخل ہوسکیں گے، جو ویکسین لگوا چکے ہوں: گوگل اور فیس بک کا اعلان
کورونا وائرس کی انتہائی متعدی قسم ’ڈیلٹا‘ کے پھیلاؤ کے پیش نظر امریکہ کی سب سے بڑی ٹیکنالوجی کمپنوں گوگل اور فیس بک نے بدھ کے روز یہ اعلان کیا ہے کہ ان کمپنیوں کے امریکہ میں موجود ملازمین کو دفاتر میں داخل ہونے کے لیے کووڈ ویکسین لگوانا لازم ہوگا۔
آئندہ مہینوں کے دوران گوگل اپنی ویکسی نیشن مہم کو دوسرے ممالک میں بڑھانے کا بھی منصوبہ بنا رہا ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس نے بھی اپنی تمام پروڈکشنز کے امریکی اداکاروں اور عملے کے لیے ویکسین لگانے کی پالیسی پر عمل درآمد کیا ہے۔
بلومبرگ نیوز نے خبر دی ہے کہ ایپل کمپنی اپنے امریکی اسٹورز پر خریداروں اور عملے کے لیے ماسک پہننے کی پالیسی کو بحال کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، چاہے وہ کورونا وائرس کی ویکسین لگا چکے ہوں یا نہیں۔
یونیسیف کی دنیا بھر سے جلد از جلد اسکول کھولنے کی اپیل
بچوں کے لیے اقوام متحدہ کے ادارے یونیسف نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی وجہ سے بند کیے گئے اسکولوں کو اب کھول دینا چاہیے۔
ادارے کا کہنا ہے کہ اسکولوں کی بندش بچوں کی بہتر نشو و نما اور مستقبل کے منظر نامے کے لیے نقصان دہ ہے۔
زمین کے شمالی نصف کرہ کے اسکول ان دنوں گرمیوں کی تعطیلات کی وجہ سے بند ہیں جب کہ دنیا کے باقی حصے کے اسکولوں کی بندش کی وجہ عالمی وبا کا پھیلاؤ ہے۔
عالمی ادارے کا کہنا ہے کہ اس وقت دنیا بھر میں 60 کروڑ سے زیادہ بچے اسکول نہیں جارہے ہیں۔
اقوام متحدہ کے بچوں کے لیے فنڈ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایشیا اور بحرالکاہل کے علاقے کے تقربیاً نصف ممالک میں اسکول کرونا کی وبا کے باعث 200 سے زیادہ دنوں تک بند رہے ہیں۔
آسٹریلیا: نیو ساؤتھ ویلز میں ریکارڈ کیسز، فوج سے مدد طلب کرنے کی درخواست
آسٹریلیا کی ریاست نیو ساؤتھ ویلز میں جمعرات کو مقامی سطح پر ریکارڈ یومیہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ریاست میں پابندیوں پر عمل درآمد کے لیے فوج سے مدد طلب کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
نیو ساؤتھ ویلز میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مقامی سطح پر 239 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو وبا کے آغاز سے ایک دن میں رپورٹ ہونے والے سب سے زیادہ کیسز ہیں۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق نیو ساؤتھ ویلز کی پولیس کا کہنا ہے کہ جمعے سے سخت پابندیوں کے آغاز کے ساتھ 300 فوجی اہل کاروں سے پابندیوں پرعمل درآمد کے لیے مدد کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
نیو ساؤتھ ویلز پولیس کے کمشنر مِک فُلر نے ای میل کے ذریعے جاری بیان میں کہا کہ آئندہ ہفتے پابندیوں کا نفاذ کیا جائے گا جس پر عمل درآمد کے لیے انہوں نے وزیر اعظم سے آسٹریلین ڈیفینس فورس کے اہل کاروں کو طلب کرنے کی درخواست کی ہے۔
آسٹریلیا میں کرونا وائرس سے اب تک 33 ہزار 536 افراد متاثر ہو چکے ہیں جب کہ ملک میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 921 ہو گئی ہے۔
پاکستان میں سات ہفتوں بعد 76 اموات
پاکستان میں نو جون کے بعد گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا سے 76 افراد کی ہلاکتیں سامنے آئی ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران 59 ہزار 707 ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں سے چار ہزار 497 افراد میں کرونا کی تشخیص ہوئی ہے۔
پاکستان میں 29 جولائی کو کرونا کے مثبت کیسز کی شرح سات اعشاریہ پانچ تین ریکارڈ کی گئی ہے۔
ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 612 افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔