پاکستان میں کرونا کیسز کی شرح ساڑھے سات فی صد سے زائد
پاکستان میں کرونا وائرس سے اموات کی مجموعی تعداد 24 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 49 ہزار 506 افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے تین ہزار 884 میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔
ملک میں کرونا مثبت کیسز کی شرح سات اعشاریہ آٹھ چار فی صد رہی۔
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا سے 86 افراد کا انتقال بھی ہوا ہے۔ جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 24 ہزار چار ہو گئی ہے۔
'امریکی فوجیوں کے لیے وسط ستمبر تک ویکسین لگوانا لازمی قرار دیا جا سکتا ہے'
امریکی محکمہ دفاع ایک ایسے منصوبے پر کام کر رہا ہے، جس کے تحت امریکی فوج میں شامل افراد کے لیے 15 ستمبر تک کووڈ 19 سے بچاؤ کی ویکسین لگوانا لازمی قرار دیا جا سکتا ہے۔بتایا گیا ہے کہ اس منصوبے کو صدر بائیڈن کی حمایت حاصل ہے۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق، امریکی محکمہ دفاع کی جانب سے امریکی فوجیوں کو جاری کئے گئے میموز میں کہا گیا ہے کہ ویکسین لگوانا فوج کی کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کی صلاحیت کو برقرار رکھنے کے لئے ناگزیر ہے۔ امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے کہا ہے کہ اگر ویکسینز کو امریکہ میں خوراک اور ادویات کے انتظام کے محکمے یعنی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کی منظوری مل گئی یا وائرس سے متاثرہ افراد کی شرح میں اضافہ تیز ہوا تو ویکسین لگوانے کی حتمی تاریخ ستمبر کے وسط سے پہلے کی متعین کی جا سکتی ہے۔ .
امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن کی جانب سے جاری کردہ میمو میں کہا گیا ہے کہ ان کی یہ کوشش ہو گی کہ اس سلسلے میں صدر سے منظوری حاصل کی جائے اور وسط ستمبر تک ویکسین لگوانا لازم قرار دےدیا جائے، یا پھر ایف ڈی اے کی جانب سے لائسنس جاری ہو۔ انہوں نے کہا کہ ان میں سے جو تجویز پہلے طے ہوتی ہے، اس کے تحت عمل درآمد ہو گا۔
مزید پڑھیے
'کچھ برا ہو رہا ہے،' امریکی عہدیداروں کا ڈیلٹا ویریئنٹ سے متعلق ایک اور انتباہ
امریکہ میں محکمۂ صحت کے اعلیٰ عہدیداروں نے اتوار کو ملک میں ڈیلٹا ویریئنٹ کے پھیلاؤ میں اضافے سے متعلق نیا انتباہ جاری کیا ہے۔ یہ انتباہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ویکسین کو لازمی قرار دینے پر زور دیا جا رہا ہے۔
صدر جو بائیڈن کے اعلیٰ میڈیکل ایڈوائزر ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے امریکی نشریاتی ادارے 'این بی سی' کے پروگرام 'میٹ دا پریس' میں گفتگو کے دوران کرونا وائرس کے پھیلاؤ سے متعلق کہا کہ "کچھ برا ہو رہا ہے۔ ہمیں یہ سمجھنا ہو گا۔"
وبائی امراض کے ماہر ڈاکٹر فاؤچی نے کہا کہ وہ توقع نہیں رکھتے کہ قومی سطح پر ویکسین کو لازمی قرار دیا جا سکے گا۔ لیکن جتنا جلد فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) ویکسین لگوانے کی مکمل منظوری دے گی تو یہ بہتر ہو گا۔
ڈاکٹر فاؤچی نے امید ظاہر کی کہ آئندہ چند ہفتوں میں ویکسین کو لازم قرار دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے یونی ورسٹیوں، کاروباروں اور دیگر مقامی انٹرپرائزز پر زور دیا ہے کہ وہ ویکسین کو لازمی قرار دیں۔
فرانس: کووڈ-19 ہیلتھ پاس کا نفاذ
فرانسیسی حکومت نے شدید عوامی احتجاج کے باوجود کرونا وبا کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے کووڈ -19 ہیلتھ پاس کا نفاذ کر دیا ہے۔
حکومتی فیصلے کے بعد فرانسیسی شہریوں کو اپنی روزہ مرہ کی زندگی جیسا کہ اندرونِ شہر سفر یا کسی کافی شاپ میں داخلے کے لیے ہیلتھ پاس دکھانا ہوگا۔
ہیلتھ پاس ان شہریوں کے لیے جاری کیا جائے گا جو کرونا ویکسی نیشن کورس مکمل کر چکے ہیں یا ان کا حال ہی میں کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہو گا۔ کرونا وبا سے صحت یاب ہونے والے شہریوں کو بھی بذریعہ کیو آر کوڈ ہیلتھ پاس جاری ہوگا۔
فرانسیسی وزیرِ صحت الیور ویرن کا کہنا ہے کہ ہیلتھ پاس اور ویکسی نیشن مہم کے بعد ہمیں کرفیو یا کوئی نیا لاک ڈاؤن لگانے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔