رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

13:59 11.8.2021

فیس بک کی ویکسین سے متعلق غلط معلومات پھیلانے والے سوشل میڈیا انفلوئنسر کے خلاف کارروائی

فائل فوٹو
فائل فوٹو

فیس بک نے کہا ہے کہ اس نے کرونا ویکسین سے متعلق غلط معلومات پھیلانے والے اس آپریشن کا قلع قمع کر دیا ہے جس کے تحت سوشل میڈیا انفلوئنسر کی مدد سے غلط معلومات کی تشہیر کی جا رہی تھی۔

فیس بک نے منگل کو جاری بیان میں بتایا ہے کہ ویکسین کے خلاف اس مہم کو روس کی ایک مارکیٹنگ کمپنی 'فزی' چلا رہی تھی جس کے لیے نامور سوشل میڈیا انفلوئنسرز کا سہارا لیا جا رہا تھا۔

فیس بک نے مزید بتایا ہے کہ اس نے جولائی میں اپنے پلیٹ فارم سے 65 ایسے سوشل اکاؤنٹس ختم کیے ہیں جو غلط معلومات کی تشہیر میں مصروف تھے جب کہ انسٹاگرام کے 243 اکاؤنٹس کو ویکسین سے متعلق غلط معلومات پھیلانے والی روس کی مارکیٹنگ کمپنی سے تعلق کے بعد بند کیا گیا ہے۔

13:40 11.8.2021

بھارت میں 38 ہزار سے زیادہ کیسز

بھارت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 38 ہزار 353 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کرونا کے مثبت کیسز کی شرح دو اعشاریہ ایک چھ فی صد رہی ہے۔

13:39 11.8.2021

آسٹریلیا: میلبورن میں نافذ لاک ڈاؤن میں ایک ہفتے کی توسیع

فائل فوٹو
فائل فوٹو

آسٹریلیا کے دوسرے بڑے شہر میلبورن میں پہلے سے نافذ لاک ڈاؤن میں ایک ہفتے کی مزید توسیع کر دی گئی ہے۔

میلبورن میں کرونا وائرس کی قسم ڈیلٹا کے تیزی سے پھیلاؤ میں خاطر خواہ کمی نہ آنے پر حکام نے بدھ کو شہریوں کو مزید ایک ہفتے گھروں میں ہی رہنے کی ہدایت کی ہے۔

میلبورن کے ایک اسکول میں ڈیلٹا وائرس کا کیس سامنے آنے اور اس کے پھیلاؤ کے بعد شہر بھر میں لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا تھا اور گزشتہ جمعرات کو شہر میں چھٹی مرتبہ لاک ڈاؤن لگایا گیا تھا۔

ریاست وکٹوریہ کے پریمیئر ڈینئل اینڈریو نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کا نفاذ 19 اگست تک رہے گا۔ کرونا کے ڈیلٹا ویریئنٹ سے بچاؤ کے لیے لاک ڈاؤن کے علاوہ اور کوئی چارہ نہیں ہے۔

11:30 11.8.2021

جرمنی: مفت کرونا ٹیسٹ کی سہولت ختم کرنے کا اعلان

فائل فوٹو
فائل فوٹو

جرمن چانسلر اینگلا مرکل نے کہا ہے کہ 11 اکتوبر سے حکومت مفت کرونا ٹیسٹ کی سہولت فراہم نہیں کرے گی۔ البتہ یہ سہولت حاملہ خواتین اور بچوں کے لیے دستیاب ہو گی۔

جرمن چانسلر نے بدھ کو پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ملک میں کرونا ویکسین نیشن کی شرح بتدریج کم ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ روز مرہ کی زندگی کا حصہ بننے کے لیے شہریوں کو کرونا ویکسین لگوانا ہو گی اور وہ 11 اکتوبر تک مفت ٹیسٹ کی سہولت سے فائدہ بھی اٹھا سکتے ہیں۔

جرمن حکومت ان ڈور ریسٹورنٹ جانے، مذہبی تقریبات میں شرکت اور چھت تلے کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لینے والے شہریوں کے لیے ویکسین سرٹیفکٹ کو ضروری قرار دے رہی ہے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG