ایران کا چھ روزہ ملک گیر لاک ڈاؤن لگانے کا اعلان
ایران نے کہا ہے کہ وہ کرونا وائرس کی پانچویں لہر کے باعث ملک کے تمام شہروں میں چھ دن کا لاک ڈاؤن نافذ کیا جا رہا ہے۔
لاک ڈاؤن کے دوران تمام بازار، کاروباری مراکز، سرکاری دفاتر، سینما، ورزش کے مقامات اور ہوٹل بند ہوں گے۔
لاک ڈاؤن کا آغاز پیر سے ہوگا اور یہ ہفتے تک جاری رہے گا۔
ہفتے کو ایران میں وبا سے مزید 466 افراد کی ہلاکت اور لگ بھگ 30 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے۔
وبا سے ایران میں اب تک 97 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ 44 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔
پاکستان میں وبا سے مزید 73 افراد ہلاک
پاکستان میں کرونا وائرس سے مزید 73 افراد کی موت ہوئے ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ہونے والی اموات کے بعد مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 24 ہزار 339 ہو گئی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں سب سے زیادہ 11 ہزار 329 اموات صوبہ پنجاب میں ہوئی ہیں جب کہ سندھ میں چھ ہزار 384، خیبر پختونخوا میں چار ہزار 640 اور بلوچستان میں 332 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں 662 جب کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 830 اموات رپورٹ ہو چکی ہیں۔
پاکستان میں زیرِ علاج افراد کی تعداد ساڑھے 86 ہزار ہو گئی
پاکستان میں کرونا وائرس سے متاثرہ زیرِ علاج افراد کی تعداد ساڑھے 86 ہزار ہو گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں وبا سے مزید چار ہزار 786 افراد متاثر ہوئے ہیں جس کے بعد زیرِ علاج افراد کی مجموعی تعداد 86 ہزار 606 ہو گئی ہے۔
حکام کے مطابق ملک بھر میں وبا سے اب تک 10 لاکھ 94 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں جن میں سے 90 فی صد افراد صحت یاب ہو چکے ہیں جب کہ 2.2 فی صد کی موت ہوئی ہے۔
روس میں کرونا کے باعث ایک ماہ کے دوران سب سے زیادہ ہلاکتیں
روس میں کرونا وائرس سے ہفتے کو ریکارڈ 819 ہلاکتیں ہوئی ہیں جب کہ ماسکو کے محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ وبا کے آغاز سے اب تک شہر میں ایک ماہ کے دوران سب سے زیادہ اموات سامنے آئی ہیں۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز کے مطابق روس میں وبا کے متاثرین کی تعداد میں گزشتہ ماہ تیز ترین اضافہ دیکھا گیا ہے۔ حکام ویکسی نیشن کی کم شرح اور ڈیلٹا ویریئنٹ کو اس اضافے کی وجہ قرار دیتے ہیں۔
جولائی میں روس کے دارالحکومت ماسکو میں کرونا وبا سے 17 ہزار 237 افراد ہلاک ہوئے تھے جو شہر میں ایک ماہ کے دوران وبا سے ہونے والی اب تک کی سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں۔
ہفتے کو روس میں کرونا وائرس کے 22 ہزار 144 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔