آسٹریلیا: نیو ساؤتھ ویلز میں اسنیپ لاک ڈاؤن
آسٹریلیا کی ریاست نیو ساؤتھ ویلز میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث ہفتے سے سات روز کے لیے اسنیپ لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا گیا ہے۔
ریاست میں اس لاک ڈاؤن کا آغاز ہفتے کی شام سے ہوا ہے۔ جس میں کم از کم ایک ہفتے تک اسکولز بند رکھے جائیں گے۔
ریاست کی پریمیئر گلیڈیس بیریجیکلیان کا کہنا تھا کہ 'یہ حقیقتاً ایک جنگ ہے۔' ان کے بقول، ڈیلٹا ویریئنٹ بے رحمانہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ریاست نیو ساؤتھ ویلز سنگین صورتِ حال کا سامنا کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ ہفتے کو ریاست میں وبا کا بدترین دن رہا جب ایک روز میں 466 نئے کیسز اور چار ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں۔
بھارت: کرونا مثبت کیسز کی شرح دو فی صد سے کم
بھارت میں کرونا وائرس سے مزید 36 ہزار 83 افراد متاثر ہوئے ہیں۔
بھارت کی وزارتِ صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا مثبت کیسز کی شرح ایک اعشاریہ آٹھ آٹھ فی صد رہی۔
ملک میں کرونا وائرس سے مزید 493 افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی اموات چار لاکھ 31 ہزار 225 تک پہنچ چکی ہیں۔
بھارت میں کرونا کیسز کی مجموعی تعداد تین کروڑ 21 لاکھ 92 ہزار 576 ہے جس میں سے تین کروڑ 13 لاکھ 76 ہزار 15 صحت یاب ہوچکے ہیں۔
پاکستان میں کرونا وائرس سے مزید 67 افراد کا انتقال
پاکستان میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح سات فی صد سے کم ہو گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں 54 ہزار 204 افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں تین ہزار 711 میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔
ملک میں کرونا مثبت کیسز کی شرح 6 اعشاریہ آٹھ فی صد رہی۔
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 67 کرونا مریض انتقال بھی کر گئے جس کے بعد مجموعی اموات 24 ہزار 406 ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں اس وبا سے اب تک 10 لاکھ 98 ہزار 410 افراد متاثر ہو چکے ہیں۔
جاپان میں یومیہ کیسز میں مسلسل اضافہ
جاپان میں اولمپکس ختم ہو چکے ہیں البتہ چھٹیاں جاری ہیں ایسے میں شہری حکومت کی ہوٹلوں اور بارز سے دور رہنے کی ہدایت کو نظر انداز کر رہے ہیں۔
جاپان میں حکام امید ظاہر کر رہے ہیں کہ ویکسی نیشن کا عمل سست روی کا شکا ہے البتہ جاری ہے۔
جاپان میں 36 فی صد شہری ویکسین کی دو خوراکیں لے چکے ہیں البتہ وبا کا ڈیلٹا ویریئنٹ بھی تیزی سے پھیل رہا ہے۔
جاپان کے حوالے سے خیال کیا جا رہا ہے کہ اس نے وبا سے بہتر انداز سے نمٹنے میں کامیابی حاصل کی اور اس کو دیگر ممالک کی طرح سخت لاک ڈاؤن نہیں لگانے پڑے البتہ اب اس طرح ہونے کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
جاپان میں یومیہ کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور گزشتہ ایک ہفتے میں 10 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔