امریکہ: ستمبر سے تمام بالغ افراد کو کرونا ویکسین کے بوسٹر شاٹس لگانے کا اعلان
امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے بدھ کو اعلان کیا ہے کہ ملک میں ستمبر سے تمام بالغ افراد کو کرونا ویکسین کے بوسٹر شاٹس لگائے جائیں گے۔ بائیڈن انتظامیہ نے خبر دار کیا تھا کہ کرونا کے خلاف ویکسین کا اثر کم ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق یہ اقدام ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سائنس دان اور ماہرین صحت کرونا کے تیزی سے پھیلنے والے ڈیلٹا ویریئنٹ کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اپنی کوششیں تیز کر رہے ہیں اور یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ آیا فائزر۔بائیو این ٹیک اور موڈرنا کی ویکسین کی تیسری خوراک فراہم کرنا مناسب ہو گا یا نہیں۔
صدر جو بائیڈن نے 18 برس اور اس سے زائد عمر والے امریکی شہریوں کو ویکسین کا کورس مکمل کرنے کے آٹھ ماہ بعد بوسٹر شاٹس لگوانے پر زور دیا ہے۔
وائٹ ہاؤس سے ایک خطاب کے دوران ان کا کہنا تھا کہ ’’بوسٹر شاٹس آپ کے مدافعتی نظام کے ردِ عمل کو بڑھا دے گا جب کہ یہ آپ کو کرونا سے تحفظ فراہم کرنے میں اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ نئے ویریئنٹ سے بچنے کا بہترین طریقہ ہے۔‘‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ بوسٹر شاٹس آپ کو دیرپا تحفظ فراہم کریں گے جب کہ اس سے وبا کے تیزی سے خاتمے میں بھی مدد ملے گی۔
پاکستان: ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح لگ بھگ آٹھ فی صد ہو گئی
پاکستان میں کرونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح لگ بھگ آٹھ فی صد ہو گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں کرونا کے 55 ہزار 634 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے چار ہزار 373 ٹیسٹ مثبت آئے۔ یوں ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 7.86 رہی۔
واضح رہے پاکستان میں وبا سے اب تک 11 لاکھ 13 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں جن میں سے نو لاکھ 99 ہزار سے زائد صحت یاب ہو چکے ہیں جب کہ 24 ہزار 713 اموات ہوئی ہیں۔
حکام کے مطابق وبا سے متاثرہ افراد کی نشان دہی کے لیے اب تک مجموعی طور پر ایک کروڑ 70 لاکھ ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔
پاکستان میں کرونا وائرس سے مزید 74 افراد ہلاک
پاکستان میں کرونا وائرس سے مزید 74 افراد ہلاک ہوئے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وبا سے مجموعی طور 24 ہزار 713 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
پاکستان میں کرونا وائرس سے اموات کی شرح میں جولائی کے وسط میں کمی آئی تھی البتہ اس میں اب ایک بار پھر اضافہ ہو رہا ہے۔
ملک میں اب تک ایک دن میں سب سے زیادہ 28 اپریل کو 151 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔
امریکہ: اسپتالوں میں کرونا سے متاثرہ بچوں کی تعداد میں اضافہ
امریکہ میں کرونا وائرس کی ڈیلٹا قسم کا تیزی سے پھیلاؤ جاری ہے اور بچے بھی اس وبا سے متاثر ہو رہے ہیں۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق امریکہ کے جنوب میں اسپتالوں پر دباؤ میں اضافہ ہوا ہے اور ہفتے کو ملک میں اسپتال میں داخل ہونے والے کرونا سے متاثرہ بچوں کی تعداد 1900 سے زائد ہوگئی ہے۔
امریکہ میں ان آبادیوں میں کرونا کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے جہاں لوگوں نے ویکسین نہیں لگوائی ہے۔
امریکہ محکمۂ صحت اور انسانی خدمات کے اعداد و شمار کے مطابق ویکسین نہ لگوانے والے علاقوں میں حالیہ ہفتوں میں اسپتالوں میں کرونا سے متاثرہ بچوں کے داخلے میں اضافہ ہوا ہے۔ ہفتے کو یہ تعداد 1902 تک پہنچ گئی ہے۔
امریکہ میں 12 سال سے کم عمر کے بچے ویکسی نیشن کے اہل نہیں ہیں جس کی وجہ سے وہ نئے اور تیزی سے پھیلنے والے ویرئنٹ سے متاثر ہورہے ہیں۔
امریکہ میں امراض کے پھیلاؤ کو قابو پانے اور اسے روکنے کے ادارے (سی ڈی سی) کے اعداد و شمار کے مطابق اسپتالوں میں داخل ہونے والے نئے کووڈ 19 مریضوں کی عمریں 18 سے 29، 30 سے 39 اور 40 سے 49 سال کے درمیان ہیں۔