برطانیہ: ماہرین کی 12 سے 15 برس کے بچوں کو ویکسین لگانے کے مخالف
برطانیہ میں ماہرینِ طب کا کہنا ہے کہ 12 سے 15 سال کے بچوں کو کرونا ویکسین لگانے سے ان میں دل میں ممکنہ جلن کے خدشات ہوتے ہیں اسی سبب وہ اس عمر کے بچوں کے لیے ویکسین کی سفارش نہیں کریں گے۔
اس ضمن میں حتمی فیصلہ ابھی نہیں ہوا اور برطانوی حکومت کا کہنا ہے کہ وہ اس سلسلے میں طبی ماہرین سے مشاورت کرے گی اور دیگر چیزوں کو بھی مد نظر رکھا جائے گا جیسے کہ اسکولوں میں وبا کے سبب ہونے والے خلل کو دیکھا جائے گا۔
برطانیہ کی یہ حکمتِ عملی امریکہ، اسرائیل اور یورپی ممالک سے مختلف ہے۔ جہاں بچوں کو بڑے پیمانے پر ویکسین لگانے کا عمل جاری ہے۔
برطانیہ میں بہت سے سیاست دان اور سائنس دان بچوں کو ویکسین لگانے کے حق میں آواز اٹھا رہے ہیں اور موسم گرما کے بعد کھلنے والے اسکولوں کو وبا کے سبب ایک بار پھر سے بند ہونے سے متعلق خبردار کر رہے ہیں۔
پاکستان میں کرونا وائرس سے مزید 79 افراد ہلاک
پاکستان میں کرونا وائرس سے مزید لگ بھگ چار ہزار افراد متاثر ہوئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں وبا سے متاثرہ افراد کی نشان دہی کے لیے 64 ہزار سے زائد ٹیسٹ کیے گئے۔
حکام کے مطابق ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 6.2 فی صد رہی۔ یوں 24 گھنٹوں میں وبا سے مزید تین ہزار 980 افراد کے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی۔
اعداد و شمار کے مطابق وبا سے گزشتہ روز مزید 79 افراد ہلاک ہوئے ہیں یوں وبا سے مجموعی اموات کی تعداد 26 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
پاکستان میں وبا سے متاثر 93 ہزار افراد زیرِ علاج
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں وبا سے مزید تین ہزار 559 افراد متاثر ہوئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ روز ساڑھے 53 ہزار ٹیسٹ کیے گئے جن میں مثبت آنے کی شرح 6.63 تھی۔
اعداد و شمار کے مطابق وبا سے متاثرہ زیرِ علاج افراد میں سے 5690 مریض انتہائی نگہداشت میں ہیں۔
پاکستان میں ایک دن میں ریکارڈ 15 لاکھ افراد کی ویکسی نیشن
پاکستان میں حکام نے کہا ہے کہ ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ریکارڈ 15 لاکھ 90 ہزار افراد کو ویکسین لگائی گئی۔
این سی او سی کے مطابق 31 اگست کو ملک بھر میں ریکارڈ ویکسی نیشن کی گئی ہے جس میں 10 لاکھ سے زائد افراد کو ویکسین کی پہلی ڈوز لگائی گئی جب کہ لگ بھگ پانچ لاکھ افراد کو دوسری ڈوز دی گئی۔
واضح رہے کہ پاکستان میں اب تک ایک کروڑ 74 لاکھ 55 ہزار افراد کی ویکسی نیشن مکمل ہو چکی ہے جب کہ چار کروڑ 37 لاکھ 92 ہزار افراد کو ویکسین کی پہلی ڈوز دی جا چکی ہے۔