برازیل میں ویکسین کے بوسٹر شاٹس لگانے کا آغاز
لاطینی امریکہ کے ملک برازیل میں کرونا ویکسین کے بوسٹر شاٹس لگانے شروع کر دیے گئے ہیں۔ اس کے باوجود کے لوگوں کی اکثریت کو ابھی تک ویکسین کی دوسری خوراک نہیں لگائی گئی۔
برازیل کا شہر ریو ڈی جینرو کو ڈیلٹا ویریئنٹ کا مرکز سمجھا جا رہا ہے اور یہاں معمر افراد کی بہت بڑی تعداد رہتی ہے۔ رواں ہفتے بدھ سے یہاں بوسٹر شاٹس لگانے کا عمل شروع کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ شمال مشرقی شہروں سیلودرو اور ساؤ لوئس میں پیر سے بوسٹر شاٹس لگائے جا رہے ہیں جب کہ سب سے گنجان آباد شہر ساؤ پاؤلو میں چھ ستمبر سے لگائے جائیں گے۔
رپورٹس کے مطابق بقیہ ملک میں اگلے ہفتے سے بوسٹر شاٹس کا عمل شروع ہو جائے گا۔
لاک ڈاؤن کی وجہ سے فضائی آلودگی میں کمی
اقوام متحدہ کی موسم سے متعلق ایجنسی کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس دنیا بھر میں اور خاص طور پر شہری علاقوں میں فضائی آلودگی میں کمی دیکھی گئی جس کی وجہ کرونا وبا کے سبب لگائے جانے والے لاک ڈاؤن اور دیگر پابندیاں ہیں۔
ایجنسی نے خبردار کیا ہے کہ آلودگی میں کمی بہت کم علاقوں میں تھی اور بہت سے علاقوں میں آنے والی تبدیلیوں سے ایئر کوالٹی میں بہتری دیکھی گئی۔
تاہم ایجنسی کا کہنا ہے کہ آلودگی کا سبب بننے والے محرکات میں اضافہ اور کئی علاقوں میں زیادہ تیزی سے اضافہ دیکھا گیا۔
کیوبا میں تدریسی عمل کی بحالی کے لیے بچوں کی ویکسی نیشن شروع
کیریبئن ملک کیوبا نے کرونا وبا کے کیسز میں اضافے کے باوجود جمعے سے دو سے 18 سال کے عمر کے بچوں کو ویکسین لگانے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ تا کہ اسکولوں میں معمول کا تدریسی عمل شروع کیا جا سکے۔
وہ بچے جن کی عمریں 12 سال سے زائد ہوں گی انہیں پہلے کرونا ویکسین کی مقامی طور پر تیار کردہ ‘ابدالا’ اور ‘سوبیرانا’ ویکسین کی خوراکیں لگائی جائیں گی۔
کیوبا میں مارچ 2020 سے تعلیمی اداروں کی اکثریت بند ہے اور بچے ٹی وی کے ذریعے تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔
آئندہ ہفتے پیر سے اسکولوں میں نیا سال شروع ہو گا جب کہ جب تک تمام اہل بچوں کو ویکسین نہیں لگا دی جاتی، تدریسی عمل گھروں میں ہی جاری رہے گا۔
خیال رہے کہ ایک کروڑ 12 لاکھ آبادی والے ملک میں ڈیلٹا ویریئنٹ پورے ملک میں پھیل چکا ہے اور طبی نظام مفلوج ہونے کے قریب ہے۔
امریکہ پاکستان کو ویکسین کی مزید 66 لاکھ خوراکیں عطیہ کرے گا
امریکہ، پاکستان کو اقوامِ متحدہ کے پروگرام ‘کوویکس’ کے تحت کرونا ویکسین فائزر کی مزید 66 لاکھ خوراکیں اگلے 10 دنوں میں عطیہ کرے گا۔
امریکہ کی طرف سے عطیہ کی جانے والی اس کھیپ کے بعد پاکستان کو دی جانے والی خوراکوں کی تعداد ایک کروڑ 58 لاکھ ہو جائے گی۔
پاکستان کو دی جانے والی 66 لاکھ خوراکیں ان 50 کروڑ خوراکوں میں سے دی جائیں گی جو کہ امریکہ نے رواں سال موسم گرما میں دنیا بھر کے 92 ممالک کو دینے کے لیے خریدی تھیں۔
پاکستان میں امریکی سفارت خانے میں تعینات انجیلا پی ایجلر کا کہنا ہے کہ امریکہ اور پاکستان چوتھی لہر سے نمٹنے کے لیے کوشاں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو کرونا ویکسین کی خوراکیں دینے کا مقصد یہ ہے کہ ملک میں ویکسین شدہ لوگوں کی تعداد بڑھائی جائے۔