بھارت میں کرونا سے مزید 308 اموات
بھارت میں کرونا وائرس سے مزید 42 ہزار 766 افراد متاثر ہوئے ہیں۔
بھارت کی وزارتِ صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 308 افراد کرونا سے انتقال کرگئے۔
بھارت میں کرونا سے اموات کی مجموعی تعداد چار لاکھ 40 ہزار 533 ہوگئی ہے جب کہ اس وائرس سے اب تک تین کروڑ 29 لاکھ 88 ہزار 673 افراد متاثر ہوئے ہیں۔
پاکستان: کرونا وائرس سے مزید 3747 افراد متاثر
پاکستان میں کرونا وائرس سے مزید 61 افراد انتقال کر گئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا وائرس کے 57 ہزار 908 ٹیسٹ کیے گئے۔ جس میں سے تین ہزار 747 میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کرونا مثبت کیسز کی شرح چھ اعشاریہ 47 فی صد رہی۔
پاکستان میں کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد گیارہ لاکھ 79 ہزار 305 ہے جب کہ وائرس سے اب تک 26 ہزار 175 افراد انتقال کر چکے ہیں۔
نیوزی لینڈ میں ڈیلٹا ویریئنٹ کے سبب پہلی ہلاکت
نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں ہفتے کو ڈیلٹا ویریئنٹ کے سبب پہلی ہلاکت اور کرونا وبا کے 20 کیسز رپورٹ کیے گئے۔
محکمۂ صحت کے حکام کے مطابق جو خاتون ڈیلٹا ویریئنٹ کی وجہ سے ہلاک ہوئی انہیں دیگر بیماریاں بھی لاحق تھیں۔
نیوزی لینڈ میں رواں سال فروری کے وسط کے بعد وبا کے سبب ہونے والی یہ پہلی ہلاکت ہے۔
وزیراعظم جسینڈرا آرڈرن کا جاری کردہ بیان میں کہنا ہے کہ ہر موت انہیں یاد دلاتی ہے کہ اگر وبا کسی آبادی میں گھس جائے تو وہ کیا نقصان پہنچا سکتی ہے۔
آرڈرن کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کے عمر رسیدہ شہریوں اور جن لوگوں کو دیگر بیماریوں کا سامنا ہے، ان کی زندگیاں وائرس کے سبب سب سے زیادہ خطرے میں ہیں اور ان کے بقول لاک ڈاؤن ہی وبا کو کنٹرول کرنے کا طریقہ ہے۔
خیال رہے کہ 17 لاکھ کی آبادی والا شہر آکلینڈ جو کہ ملک کا سب سے بڑا شہر ہے، وہاں رواں سال وسط اگست سے لیول 4 کا سخت لاک ڈاؤن نافذ ہے۔
امریکہ میں 17 کروڑ 55 لاکھ افراد کی ویکسی نیشن مکمل
امریکہ کے امراض پر قابو پانے کے مرکز سی ڈی سی کا کہنا ہے کہ امریکہ میں رواں ہفتے جمعے کی صبح تک 37 کروڑ 35 لاکھ سے زائد کرونا ویکسین کی خوراکیں لگائی ہیں۔ جب کہ 44 کروڑ 76 لاکھ سے زائد خوراکیں تقسیم کی گئیں۔
اداے کا مزید کہنا ہے کہ اب تک 20 کروڑ 64 لاکھ سے زائد افراد کو کرونا ویکسین کی کم از کم ایک خوراک لگائی جا چکی ہے۔ جب کہ 17 کروڑ 55 لاکھ سے زائد افراد مکمل طور پر ویکسی نیشن کرا چکے ہیں۔
سی ڈی سی کے ان اعداد و شمار میں دو خوراکوں والی موڈرنا اور فائزر جب کہ ایک خوراک والی جانسن اینڈ جانسن کرونا ویکسین شامل ہیں۔
ادارے کے مطابق لگ بھگ 10 لاکھ 25 ہزار افراد کو رواں ماہ 13 اگست کے بعد فائزر یا موڈرنا کی اضافی خوراک لگائی گئی ہے۔ جب حکومت کی طرف سے کمزور مدافعتی نظام رکھنے والوں کو ویکسین کی تیسری خوراک لگانے کی اجازت دی گئی تھی۔