اسرائیل کا غیر ملکی سیاحوں کی آمد پر پابندی جلد ختم کرنے کا عندیہ
اسرائیل نے کہا ہے کہ وہ جلد ہی غیر ملکی سیاحوں اور سیاحتی گروپس ک لیے دروازے کھول دے گا۔
اسرائیل میں کرونا وائرس کے پھیلنے کی شرح دنیا میں بلند ترین شرح والے ممالک میں ہوتے ہے۔
اسرائیل کی وزارتِ سیاحت نے کہا ہے کہ ملک میں منظم گروپس کی آمد کے لیے دو ہفتوں میں نرمی کر دی جائے گی۔
اسرائیل آنے والوں کو پابند کیا جائے گا کہ ان کو ویکسین لگ چکی اور آمد سے قبل کرونا ٹیسٹ کی منفی رپورٹ ان کے پاس ہو۔
پاکستان میں 92 ہزار افراد زیرِ علاج، ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح چھ فی صد
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں وبا سے مزید تین ہزار 316 افراد متاثر ہوئے ہیں۔
حکام کے مطابق گزشتہ روز ملک بھر میں 52 ہزار 314 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 6.33 فی صد ٹیسٹ مثبت آئے۔ یوں وبا سے سے 3316 افراد کے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں اب بھی 92 ہزار سے زائد افراد زیرِ علاج ہیں۔ زیرِ علاج افراد میں سے 5478 انتہائی نگہداشت میں ہیں۔
پاکستان میں وبا سے مزید 98 افراد ہلاک
پاکستان میں کرونا وائرس سے مزید 98 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز ہونے والی اموات کے بعد وبا سے ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 26 ہزار 330 ہو گئی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں وبا سے اموات کی شرح لگ بھگ دو فی صد ہے۔
پاکستان میں دو کروڑ سے زائد افراد کی ویکسی نیشن مکمل
پاکستان میں کرونا وائرس کی ویکسین کی مکمل ڈوزز دو کروڑ سے زائد لوگوں کو لگا دی گئی ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں پاکستان میں تین لاکھ 98 ہزار سے زائد افراد کی ویکسی نیشن مکمل ہوئی جس کے بعد وہ افراد جن کی ویکسی نیشن مکمل ہو چکی ہے ان کی تعداد دو کروڑ 85 ہزار 377 ہو گئی ہے۔
حکام کے مطابق گزشتہ روز سات لاکھ 95 ہزار 945 افراد کو ویکسین کی پہلی ڈوز لگائی گئی۔
خیال رہے کہ ملک میں چار کروڑ 81 لاکھ افراد کو ویکسین کی پہلی ڈوز لگائی جا چکی ہے۔