پاکستان میں کرونا وائرس کے مزید 3153 نئے کیسز
پاکستان میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ جاری ہے۔ اتوار کو ملک میں مزید 3153 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 57 ہزار 792 کرونا ٹیسٹ کیے گئے۔ جن میں مثبت کیسز کی شرح 5 اعشاریہ 45 فی صد رہی۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا وائرس کے 58 مریض انتقال بھی کرگئے ہیں۔ جس کے بعد ملک میں اموات کی مجموعی تعداد 26 ہزار 720 ہو گئی ہے۔
پاکستان میں اس وقت پانچ ہزار 370 مریض نگہداشت کی حالت میں ہیں جب کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں تین ہزار 797 مریض صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔
جو بائیڈن کا زی جن پنگ سے رابطہ، کرونا وائرس کے ماخذ پر بھی گفتگو
وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن اور چین کے صدر زی جن پنگ کے درمیان فون پر ہونے والے رابطے میں امریکی صدر نے کرونا وائرس کے ماخذ کے بارے میں کی جانے والی تحقیقات کے بارے میں بھی گفتگو کی۔
وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری جین پاسکی کا جمعے کو کہنا تھا کہ دونوں صدور کے درمیان امریکہ اور چین کے درمیان مشترکہ معاملات پر بھی گفتگو ہوئی۔ جس میں ان کے بقول وائرس کے ماخذ کے بارے میں جاننا بھی ان کی انتظامیہ کے لیے اہم ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ فون پر ہونے والی گفتگو میں یہ مدعا بھی اٹھایا گیا تاہم وہ اس کی مزید تفصیلات نہیں دے سکتیں۔
خیال رہے کہ پچھلے ماہ امریکی صدر کا کہنا تھا چین کو اس وبا سے متعلق جواب دینا ہو گا۔ جس سے اب تک دنیا بھر میں 48 لاکھ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
انٹیلی جینس ایجنسیوں کا کہنا ہے کہ وہ تب تک اس تحقیقات کو ختم نہیں کر سکتیں جب تک کہ چین یہ جاننے میں مدد نہ کر دے کہ یہ وائرس چین کی ریسرچ لیب سے پھوٹا تھا۔
تاہم چین امریکہ کے ان الزامات کی تردید کرتا ہے کہ اس نے اس ضمن میں ہونے والی تحقیقات میں امریکہ کی مدد نہیں کی۔
آسٹریلیا: کرونا کیسز میں یومیہ ریکارڈ اضافہ رپورٹ
آسٹریلیا میں ہفتے کو کرونا کیسز میں ریکارڈ یومیہ اضافہ دیکھا گیا جب کہ سب سے زیادہ آبادی والی تیسری ریاست کوئنز لینڈ کا کہنا ہے کہ کرونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر ممکنہ طور پر لاک ڈاؤن نافذ کیا جا سکتا ہے۔
حکام کے مطابق اگلے چند دن اس ضمن میں اہم ہوں گے۔
پچاس لاکھ سے زائد آبادی والی ریاست کوئنز لینڈ کا مزید کہنا ہے کہ پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہی خاندان کے کرونا ٹیسٹ کرنے پر پانچ 5 افراد میں وبا کی تشخیص ہوئی ہے۔
کوئنز لینڈ کی پریمیئر ایناسٹاسیا پالاسزوک کا کہنا ہے کہ اگر وہ رپورٹ ہونے والے کیسز کو دیکھیں تو بہت جلد ایکشن لینے کی ضرورت ہے۔ تاہم ان کے بقول اس وقت یہ پابندیاں مذکورہ خاندان تک محدود رکھی گئی ہیں۔
خیال رہے کہ مذکورہ خاندان دارالحکومت برسبین میں رہائش پزیر ہے۔
ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ آیا پہلے کی طرح لاک ڈاؤن چند علاقوں میں نافذ کیا جائے گا یا پورے شہر میں۔
امریکہ کا پاکستان کو فائزر ویکسین کی مزید 35 لاکھ خوراکیں دینے کا اعلان
امریکہ سے پاکستان کو کرونا وائرس کی فائزر ویکسین کی مزید 35 لاکھ خوراکیں رواں ہفتے موصول ہو جائیں گی۔
امریکہ نے گزشتہ دو ہفتوں میں پاکستان کو فائزر ویکسین کی مجموعی طور پر 95 لاکھ خوراکیں عطیہ کی ہیں۔ قبل ازیں امریکہ نے 66 لاکھ خوراکیں پاکستان کو دینے کا اعلان کیا تھا۔
پاکستان کو متوقع طور پر آئندہ ہفتے تک سات لاکھ 20 ہزار فائزر ویکسین کی خوراکیں مل جائیں گی۔ امریکہ نے پاکستان کو فائزر ویکسین کی مجموعی طور پر ایک کروڑ پانچ لاکھ خوراکیں دینے کا اعلان کیا ہے۔
جولائی میں امریکہ نے پاکستان کو موڈرنا ویکسین کی 55 لاکھ خوراکیں فراہم کی تھیں۔