امریکہ: افغانستان سمیت دیگر آٹھ ملکوں کے لیے سفری انتباہ
امریکہ نے کرونا وبا کے خدشات کے پیشِ نظر اپنے شہریوں کو نو ممالک میں سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق امریکہ کے سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پری وینشن (سی ڈی س) نے پیر کو شہریوں کو افغانستان، البانیہ، سربیا، بلیز، لتھوینیا، گرینیڈا، سینٹ کٹس اینڈ نیوس، سلووینیا اور موریشس میں سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
سی ڈی سی کے مطابق ان نو ممالک کو چوتھی کیٹیگری یعنی انتہائی خطرناک ملک کے درجے میں رکھا گیا ہے۔
دوسری جانب سی ڈی سی نے آسٹریلیا، رومانیہ اور ایتھوپیا کا درجہ بڑھا کر انہیں تیسرے اور برازیل کا درجہ چوتھے سے کم کر کے اسے تیسرے درجے میں رکھا ہے۔
دنیا بھر میں کرونا سے اموات 46 لاکھ سے تجاوز کرگئیں
دنیا بھر میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ جاری ہے اور اب تک 46 لاکھ سے زائد افراد اس وبا کے باعث ہلاک ہو چکے ہیں۔
امریکہ کے جان ہاپکنز کرونا وائرس ریسورس سینٹر نے اتوار کو کہا ہے کہ دنیا بھر میں اب تک کرونا وائرس سے 22 کروڑ 43 لاکھ افراد متاثر ہو چکے ہیں جب کہ 46 لاکھ افراد کا انتقال ہوا ہے۔
سینٹر کے مطابق دنیا بھر میں پانچ ارب 70 کروڑ ویکسین کی خوراکیں بھی لگائی جا چکی ہیں۔
بھارت: کرونا وائرس سے 338 افراد ہلاک
بھارت میں کرونا وائرس سے مزید 338 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
بھارت کی وزارتِ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 28 ہزار 591 افراد میں کرونا کی تشخیص ہوئی ہے۔ جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد تین کروڑ 32 لاکھ 36 ہزار 921 تک پہنچ گئی ہے۔
ملک میں کرونا سے اموات کی تعداد چار لاکھ 42 ہزار 655 ہو چکی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں اموات میں 338 کا اضافہ رپورٹ ہوا ہے۔
ترکی میں نئی کرونا پابندیوں کے خلاف احتجاج
ترکی میں کرونا وائرس سے متعلق نئے حکومتی اقدامات کے خلاف دو ہزار سے زائد شہریوں نے ہفتے کو احتجاج کیا۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق حکومت نے پیر کو انٹرسٹی پروازوں، بسز اور ٹرینوں میں سفر کے لیے ویکسی نیشن کا ثبوت یا کووڈ 19 کا منفی ٹیسٹ دکھانا لازمی قرار دیا تھا۔ اس کے علاوہ کنسرٹس یا تھیٹر شو جیسی بڑی تقریبات میں شرکت کے لیے بھی یہ پابندی لازمی قرار دی گئی تھی۔
اسی طرح اسکولوں کے تمام ایسے ملازمین جن کی ویکسین نہیں ہوئی ان کے لیے ہفتے میں دو مرتبہ پی سی آر ٹیسٹ کرانے کی پابندی لگائی گئی تھی۔ مزید یہ کہ عوامی مقامات پر ماسکس اور سماجی فاصلے کو بھی ضروری قرار دیا تھا۔
حکومت کی ان نئی پابندیوں کے خلاف ہفتے کو ترکی میں بڑے پیمانے پر احتجاج کیا گیا۔ زیادہ تر مظاہرین نے احتجاج کے دوران ماسک نہیں پہنا تھا اور وہ پلے کارڈز اور ترکی کے جھنڈے اٹھائے نعرے بازی کر رہے تھے۔
'رائٹرز' کے مطابق 64 فی صد ترک عوام نے قومی پروگرام کے تحت ویکسین کی دو خوراکیں لگوا لی ہیں۔