روسی صدر ولادی میر پوٹن نے خود کو قرنطینہ کر لیا
روس کے صدر ولادی میر پوٹن نے قریبی ساتھیوں میں کرونا کی تشخیص کے بعد خود کو الگ تھلگ کر لیا ہے۔
کریملن نے منگل کو جاری بیان میں کہا ہے کہ صدر پوٹن کا کرونا ٹیسٹ منفی آیا ہے لیکن احتیاطی تدابیر کے پیشِ نظر وہ قرنطینہ میں چلے گئے ہیں۔
صدر پوٹن نے مقامی سطح پر تیارہ کردہ کرونا ویکسین اسپوتنک فائیو کا کورس مکمل کر رکھا تھا۔ انہوں نے رواں برس اپریل میں ہی مذکورہ ویکسین کی دوسری خوراک لی تھی۔
کریملن کے ترجمان دمتری پیسکو نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر پوٹن کی صحت بالکل ٹھیک ہے اور انہوں نے وائرس سے متاثرہ شخص سے ملاقات کے بعد خود کو قرنطینہ کیا ہے۔
ترجمان نے یہ نہیں بتایا کہ صدر پوٹن نے کرونا سے متاثرہ کس شخص سے ملاقات کی تھی اور وہ کب تک آئسولیشن میں رہیں گے۔
پاکستان: کرونا سے متاثرہ چھ اضلاع میں 22 ستمبر تک سخت پابندیاں برقرار
پاکستان میں کرونا وبا کے نگراں ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے منگل کو ملک میں کرونا سے متاثرہ چھ اضلاع میں 22 ستمبر تک سخت پابندیاں برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
اسد عمر نے کہا ہے کہ کرونا سے سب سے زیادہ متاثرہ پنجاب کے پانچ اضلاع اور خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں 22 ستمبر تک پابندیاں برقرار رہیں گی۔
انہوں نے کہا ہے کہ مذکورہ اضلاع میں انٹرسٹی ٹرانسپورٹ کو مکمل طور پر بند کیا گیا تھا لیکن اب اسے پچاس فی صد مسافروں کے ساتھ کھولنے کی اجازت ہو گی جب کہ تعلیمی اداروں کو پچاس فی صد گنجائش کے ساتھ 16 ستمبر سے دوبارہ کھولا جائے گا۔
اسد عمر کے مطابق آؤٹ ڈور ڈائننگ کے انتظامات رات 12 بجے تک اور ان ڈور ڈائننگ بند رہے گی جب کہ مکمل ویکسی نیشن والے افراد کے لیے تفریحی پارک کھول دیے جائیں گے۔
علاوہ ازیں ملک بھر میں عائد کرونا پابندیوں میں 30 ستمبر تک توسیع کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔
پاکستان میں ڈھائی ہزار سے زائد کیسز رپورٹ
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے مزید دو ہزار 580 افراد متاثر ہوئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں 47 ہزار 419 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے۔ کرونا کے یومیہ مثبت کیسز کی شرح پانچ اعشاریہ 44 فی صد ریکارڈ ہوئی ہے۔
ملک میں کرونا سے مزید 78 مریض جان کی بازی ہار گئے ہیں جب کہ پانچ ہزار 304 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
آسٹریلیا: کینبرا میں لاک ڈاؤن میں توسیع
آسٹریلیا کے دارالحکومت کینبرا میں 15 اکتوبر تک لاک ڈاؤن میں توسیع کی گئی ہے۔
خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق کینبرا کے چیف منسٹر اینڈریو بار کا کہنا ہے کہ حکام ویکسی نیشن کے عمل کو تیز کرتے ہوئے کرونا کے پھیلاؤ کو محدود کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہی ایک محفوظ راستہ ہے جو کرسمس کے تہوار، گرمیوں کی چھٹیوں اور 2022 کو محفوظ تر بنائے گا۔
یاد رہے کہ کینبرا کے شہری 12 اگست سے گھروں میں رہنے پر مجبور ہیں۔
آسٹریلیا میں کرونا وائرس سے اب تک 75 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں جب کہ وائرس سے مجموعی طور پر ایک ہزار 100 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔