رسائی کے لنکس

مہنگائی کے خلاف بائیں بازو کی ملک گیر ‘جیل بَھرو تحریک’ کے اعلیٰ رہنماؤں کی نئی دہلی میں گرفتاری


بھارتی وزیرِ اعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ
بھارتی وزیرِ اعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ

بائیں بازو کی تین جماعتوں اور فارورڈ بلاک نے لازمی اشیا کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور مہنگائی پر قابو پانے میں مرکزی حکومت کی مبینہ ناکامی کے خلاف جمعرات کے روز دارالحکومت نئی دہلی سمیت ملک کے دیگر حصوں میں مظاہرہ کیا اور گرفتاریاں دیں۔

ساتھ ہی، مہنگائی کے خلاف بائیں بازو کی ملک گیر تحریک شروع ہو گئی ہے۔ پرکاش کرات، اے بی بردھان، ڈی راجہ اور ابانی رائے نے نئی دہلی میں، اور سیتارام اور بَندا کرات سمیت دیگر اعلیٰ رہنماؤں نے دوسری ریاستوں میں گرفتاریاں پیش کیں۔

نئی دہلی میں پارلیمنٹ کے نزدیک جنتر منتر چوک پر زبردست مظاہرہ کیا گیا۔ پولیس نے مظاہرین پر قابو پانے کے لیے طاقت کا استعمال کیا ۔

اِس موقعے پر بردھن نے کہا کہ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر اور عوام میں اِس معاملے کو لڑا جائے گا۔ اُنھوں نے مزید بتایا کہ دیگر اپوزیشن پارٹیوں سے بھی صلاح و مشورہ کیا جارہا ہے اور 12اپریل کو آئندہ کی حکمتِ عملی کے سلسلے میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

دریں اثنا، وزیرِ اعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ نے مہنگائی پر قابو پانے کے لیے وزرائے اعلیٰ کے خصوصی گروپ کا ایک اجلاس طلب کیا ہے، جِس میں دس ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کی شرکت متوقع ہے۔

خیال رہے کہ غذائی افراطِ زر کی شرح 17.70فی صد پر پہنچ گئی ہے اور ضروری اشیا کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔

  • 16x9 Image

    سہیل انجم

    سہیل انجم نئی دہلی کے ایک سینئر صحافی ہیں۔ وہ 1985 سے میڈیا میں ہیں۔ 2002 سے وائس آف امریکہ سے وابستہ ہیں۔ میڈیا، صحافت اور ادب کے موضوع پر ان کی تقریباً دو درجن کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔ جن میں سے کئی کتابوں کو ایوارڈز ملے ہیں۔ جب کہ ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں بھارت کی کئی ریاستی حکومتوں کے علاوہ متعدد قومی و بین الاقوامی اداروں نے بھی انھیں ایوارڈز دیے ہیں۔ وہ بھارت کے صحافیوں کے سب سے بڑے ادارے پریس کلب آف انڈیا کے رکن ہیں۔  

XS
SM
MD
LG