امریکی صدر کا روس پر مزید پابندیوں کا اعلان
امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے جمعرات کو روس کے خلاف نئی پابندیوں کا اعلان یہ کہتے ہوئے کہا کہ "صدر ولادیمیر پوٹن نے جنگ کے راستے کا انتخاب کیا ہے اور ان کے ملک کو پوٹن کے فیصلے کے سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے ۔ ''یہ پابندیاں روس کی جانب سے یوکرین پر حملے کے ردعمل میں عائد کی جا رہی ہیں۔''
امریکہ کی جانب سے عائد کردہ پابندیوں میں، صدر بائیڈن کے بقول، روس کے بینکوں، اعلیٰ حکومتی عہدیداروں اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں کو ہدف بنایا گیا ہے۔
وائٹ ہاؤس سے یوکرین روس تنازع پر خطاب اور بعد ازاں صحافیوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے صدر بائیڈن نے کہا کہ امریکہ مزید امریکی فوجیوں کو جرمنی بھجوا رہا ہے تاکہ وہ یوکرین پر روس کے حملے کے بعد نیٹو کی قوت میں اضافہ کر سکیں۔ یوکرین یورپی ممالک کے دفاع کے لیے بنائی گئی تنظیم نیٹو کا رکن نہیں ہے۔
صدر بائیڈن نے کہا کہ روس نے یوکرین کےعوام کے خلاف سفاکانہ حملوں کا آغاز کر دیا ہے۔ ان حملوں کا کوئی جواز اور کوئی ضرورت نہیں تھی۔
کیف میں پھنسے پاکستانی طلبہ انخلا کے منتظر
یوکرین پر روس کے حملے کے بعد جہاں دنیا کے مختلف ممالک تشویش کا اظہار کر رہے ہیں وہیں کئی ممالک یوکرین سے اپنے شہریوں کے انخلا کے لیے بھی فکر مند ہیں۔ ایسے ہی ممالک میں پاکستان بھی شامل ہے جہاں کے کئی شہری اب بھی یوکرین میں پھنسے ہوئے ہیں۔
روسی حملے کے پیشِ نظر کئی روز قبل ہی پاکستانی حکام نے یوکرین کے مختلف شہروں میں زیرِ تعلیم پاکستانی طلبہ کو ملک سے نکلنے کی ہدایت کی تھی، تاہم اب بھی بہت سے پاکستانی طلبہ یوکرین میں موجود ہیں۔
جنگ کے باعث یوکرین نے فضائی آپریشن بند کر دیے ہیں جس کے بعد ملک سے کوئی بھی ایئرلائن آپریٹ نہیں ہو رہی۔ دارالحکومت کیف سے بڑی تعداد میں لوگ اپنی گاڑیوں، بسوں اور ٹرینوں کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقلی کی کوششیں کر رہے ہیں۔
کیف میں پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے پاکستانی طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کیف چھوڑ کر یوکرین کے شہر ترنوپل پہنچیں۔
روس یوکرین تنازع کسی کے مفاد میں نہیں: وزیر اعظم عمران خان
ماسکو میں روسی صدر سے ملاقات کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے روس اور یوکرین کی باہمی صورتِ حال پر افسوس کا اظہار کرتے ہو ئے کہا کہ پاکستان کو یہ توقع تھی کہ سفارت کاری سے اس فوجی تنازع کو ٹالا جا سکتا تھا۔
پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے یہ بات روس کے صدر ولادیمیر پوٹن سے جمعرات کو ماسکو میں ملاقات کرتے ہوئے کہی۔
روس کے صدر ولادیمیر پوٹن اور وزیراعظم عمران خان کی ملاقات کے بعد پاکستان کی طرف سے جاری ہونے والے ایک سرکاری بیان کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ روس یوکرین تنازع کسی کے بھی مفاد میں نہیں ہے اور کسی بھی تنازع کے ترقی پزیر ممالک پر شدید اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ا س حق میں ہے کہ تنازعات کو بات چیت اور سفارت کاری سے حل کیا جانا چاہیے۔
'مودی جنگ رکوانے کے لیے پوٹن سے بات کریں,' یوکرینی سفیر کی بھارت سے اپیل
روس کی جانب سے یوکرین پر حملے کے باوجود دنیا کے مختلف ممالک جنگ بندی کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں، یوکرین نے بھی عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ روسی جارحیت روکنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔
اسی سلسلے میں نئی دہلی میں یوکرین کے سفیر نے بھی بھارتی وزیرِ اعظم سے کہا ہے کہ وہ جنگ رکوانے کے لیے روسی صدر سے بات کریں۔
بھارت میں یوکرین کے سفیر ایگور پولیکھا نے جمعرات کو نئی دہلی میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم بھارت سے اس معاملے میں مداخلت کی اپیل کرتے ہیں۔
انہوں نے بھارتی وزیرِ اعظم نریند رمودی کو ایک مضبوط عالمی رہنما قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کے روس کے ساتھ اسٹرٹیجک رشتے ہیں۔ اگر نریندر مودی روسی صدر ولادیمیر پوٹن سے بات کرتے ہیں تو ہمارا خیال ہے کہ وہ اس بارے میں سوچیں گے۔