انسانی حقوق کونسل سے خطاب: یوکرین کے خلاف جارحیت، بلنکن کا روس کی مذمت کا مطالبہ
یوکرین کے خلاف جارحیت اور شہریوں کی ہلاکتوں اور صحافیوں کی گرفتاری کے پیش نظر، امریکی وزیر خارجہ اینٹنی بلنکن نے منگل کے روز اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ یہ سوال کیا جائے کہ آیا روس کو عالمی ادارے کی سلامتی کونسل کا رکن رہنا چاہیے۔
انہوں نے اپنی تقریر میں کہا کہ ہمیں روس کی جانب سے جمہوری طور پر منتخب حکومت کو گرانے کی کوشش، اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزیوں کی سختی سے اور واضح انداز میں مذمت کرنی چاہیے۔ اور ہمیں ارتکاب کرنے والوں کو جوابدہ ٹھہرانے کے لیے اقدامات کرنے چاہیئیں۔ کونسل کا ایک فوری بحث کے انعقاد کا فیصلہ یوکرین کے بحران پر دستاویزات اور جوابدہی کو یقینی بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے، اور میں ان بہت سے ارکان کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اس کی حمایت کی۔
پاکستان روس کے حملوں کی مذمت کرے اور واضح مؤقف اپنائے: یوکرینی سفیر
روس کے یوکرین پر حملوں کی مختلف ممالک مذمت کر رہے ہیں اور مغربی ملکوں کی جانب سے روس پر سخت پابندیاں بھی لگائی گئی ہیں۔ لیکن اس تنازع پر پاکستان کا مؤقف اب تک واضح نہیں۔ مختلف ممالک کے سفارت کاروں نے پاکستان سے روس کے حملوں کی مذمت کا مطالبہ کیا ہے۔ جب کہ یوکرین کے سفیر مارکیان چوچُک نے کہا ہے کہ پاکستان کو اس معاملے پر ایک واضح مؤقف اپنانا چاہیے۔ گیتی آرا انیس کی رپورٹ۔
پاکستان روسی جارحیت پر اپنی پوزیشن واضح کرے: یورپی ممالک کے سفرا کا خط
یوکرین پر روسی جارحیت کی جہاں دنیا کے کئی ممالک مذمت کر رہے ہیں تو وہیں بہت سے ممالک اس تنازع پر محتاط ردِعمل دے رہے ہیں۔
پاکستان بھی اُن ممالک میں شامل ہے جس نے تاحال اس تنازع پر کسی فریق کی حمایت کا اعلان نہیں کیا۔
البتہ یورپی اور دیگر مغربی ممالک کے پاکستان میں تعینات سفرا نے منگل کو حکومتِ پاکستان کو ایک خط لکھا ہے جس میں اس پر زور دیا گیا ہے کہ وہ تنازع پر اپنی پوزیشن واضح کرے۔
پاکستان کے انگریزی اخبار 'ڈان' کے مطابق خط پر جرمنی، فرانس، ہنگری، اٹلی، پرتگال، ناروے، نیدرلینڈز، جاپان، اسپین، سوئیڈن، چیک ری پبلک، پولینڈ، سوئٹزرلینڈ، ڈنمارک، بیلجیم، آسٹریا، بلغاریہ،یونان، رومانیہ کے پاکستان میں سفرا کے دستخط موجود ہیں۔
خط پر یورپی یونین کمیشن کے پاکستان میں سربراہ جب کہ پاکستان میں برطانیہ اور کینیڈا کے ہائی کمشنرز کے دستخط بھی موجود ہیں۔
خط میں پاکستان پر زور دیا گیا ہے کہ وہ روس کی یوکرین پر جارحیت کی کھل کر مذمت کرے اور یوکرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ روس نے ایک پرامن ہمسایہ ملک پر بلااشتعال چڑھائی کی جو اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے منافی ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان کا یہ مؤقف رہا ہے کہ وہ روس، یوکرین تنازع کے پرامن تصفیے کا حامی ہے۔ تاہم پاکستان نے کھل کر کسی بھی فریق کا ساتھ دینے کا اعلان نہیں کیا۔
خارکیف میں روسی حملوں کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک ہوئے، حکام
یوکرین کے دوسرے سب سے بڑے شہر خارکیف میں منگل کو روس کی جانب سے شدید بمباری کی گئی جب کہ سیٹیلائٹ تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ روسی بری افواج دارالحکومت کیف کی جانب بڑھ رہی ہیں۔
یوکرین کے حکام کا کہنا ہے کہ خارکیف میں سرکاری عمارت پر روس نے اس وقت میزائل داغا جب وہاں سے کئی گاڑیاں گزر رہی تھیں۔
فوری طور پر حملے میں ہلاکتوں کے بارے میں معلوم نہیں ہو سکا لیکن حکام کا کہنا ہے کہ روس کے حملوں میں خارکیف میں 11 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔