یورپی بازار حصص میں تیزی، ایشیا اور آسٹریلیا میں ملا جلا رجحان
وائس آف امریکہ کی رپورٹس کے مطابق، ایسے میں جب کہ یوکرین پر روسی جارحیت کے نتیجے میں عالمی معیشت پر منفی اثرات واضح ہیں، بدھ کو یورپی منڈیوں سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق، شیئر مارکیٹس میں تیزی دیکھی گئی۔ جب کہ ایشیا اور آسٹریلیا کی اسٹاک مارکٹس میں ملا جلا رجحان تھا۔
سرمایہ کاروں اور صارفین کی جانب سے یوکرین پر روسی جارحیت کی شدید مذمت
ایپل، گوگل، فورڈ، ہارلی ڈیوڈسن اور ایکسون موبیل جیسے نامور امریکی کاروباری اداروں نے یوکرین کے خلاف روسی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے اس اقدام کو مسترد کردیا ہے۔
رائٹرز کی ایک رپورٹ کے مطابق، ان امریکی اداروں نے یہ بیان ایسے میں دیا ہے جب سرمایہ کاروں اور صارفین کی جانب سے تشدد کی ان کارروائیوں کی شدید مذمت کی گئی ہے، جس کے بعد ان اداروں نے مذمتی بیان جاری کیے۔
خارکیف میں گولہ باری سے ایک بھارتی طالب علم ہلاک
بھارتی وزارت خارجہ کی ایک اطلاع کے مطابق یوکرین میں جاری لڑائی کے دوران ایک بھارتی طالب علم گولی لگنے سے ہلاک ہو گیا ہے؛ جب کہ بھارت پہلے ہی یوکرین میں پھنسے ہوئے اپنے ہزاروں طالب علموں کے انخلا کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
اکیس برس کا طبی علوم سے وابستہ طالب علم خارکیف کے قصبے میں ہلاک ہوا، جو یوکرین کا دوسرا بڑا شہر ہے۔ یہ شہر روسی افواج کے مسلسل حملوں کی زد میں ہے۔
بھارتی وزارت خارجہ نے منگل کے دن کہا ہے کہ ''انتہائی افسوس کے ساتھ اس بات کی تصدیق کی جاتی ہے کہ آج صبح خارکیف میں گولہ باری کے دوران ایک بھارتی طالب علم ہلاک ہو گیا ہے۔ وزارت سوگوار خاندان سے رابطے کی کوشش کر رہی ہے''۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی وزارت خارجہ کے سیکریٹری روس اور یوکرین کے سفیروں سے ٹیلی فون پر رابطہ کر رہے ہیں، تاکہ خارکیف اور دیگر متاثرہ شہروں اور علاقوں سے بھارتی شہریوں کو انخلا کے لیے محفوظ راستہ میسر آ سکے۔
روس کا ساتھ دینے پر بیلاروس پر یورپی یونین کی نئی پابندیاں عائد
یورپی یونین کے فرانسیسی سربراہ نے بدھ کے روز کہا ہے کہ یوکرین کے معاملے پر روسی جارحیت میں مدد فراہم کرنے پر یورپی یونین نے بیلاروس کے خلاف نئی تعزیرات کی منظوری دی ہے۔
ٹوئٹر پر شائع ایک پوسٹ میں انھوں نے کہا ہے کہ بیلاروس کی معیشت کے جو شعبہ جات زد میں آئیں گے ان میں لکڑی، اسٹیل اور پوٹاش شامل ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ کیے گئے اقدام کو یورپی یونین کے سرکاری جریدے میں شائع کیا جائے گا، تاکہ اس پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔