یوکرین جوہری پلانٹ آتشزدگی، ’ضروری آلات‘ محفوظ ہیں، بین الاقوامی جوہری ایجنسی
یوکرین کے جوہری پلانٹ پر ہونے والی شیلنگ کے بعد انٹرنیشنل ایٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے) کا بیان سامنے آیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یوکرین نے آئی اے ای اے) کو آگاہ کیا ہے کہ پلانٹ میں ہونے والی آتشزدگی سے ’ضروری‘ آلات متاثر نہیں ہوئے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پلانٹ کا عملہ آتشزدگی سے پیدا ہونے والی صورتِ حال پر قابو پانے کے لیے ناگزیر اقدامات کررہا ہے۔
امریکن نیوکلیئر سوسائٹی کی یوکرین کے جوہری پلانٹ پر حملے کی مذمت
امریکن نیوکلیئر سوسائٹی نے اپنے ایک بیان میں یوکرین کے جوہری پاور پلانٹ پر حملے کی مذمت کی ہے۔
اے این ایس نے کہا کہ فوری طور پر ایسے کوئی اشارے نہیں ملے کہ جس سے یہ کہا جائے گا جوہری پلانٹ مقامی افراد کے لیے خطرے کا باعث بن سکتا ہے جب کہ تابکاری کی موجودہ سطح عام سطح پر برقرار ہے۔
یوکرین کے جوہری پلانٹ پر شیلنگ سے آگاہ ہیں: انٹرنیشنل ایٹامک انرجی ایجنسی
انٹرنیشنل ایٹامک انرجی ایجنسی نے کہا ہے کہ وہ یوکرین کے جوہری پاور پلانٹ پر ہونے والی شیلنگ سے آگاہ ہیں۔
ایجنسی کے مطابق وہ یوکرین کے حکام سے جوہری پلانٹ کی صورتِ حال سے آگاہ رینے کے لیے رابطے میں ہے۔
روس کی یوکرین کے جوہری پاور پلانٹ پر شیلنگ
روس نے مبینہ طور پر یوکرین کے جوہری پاور پلانٹ پر جمعے کی صبح شیلنگ کی ہے جس کے نتیجے میں پلانٹ میں آگ بھڑک اٹھی۔
یوکرین کے وزیرِ خارجہ دمترو کولیبا نے ایک ٹوئٹ میں بتایا ہے کہ روسی افواج نے مختلف سمت سے زپورزیا پاور پلانٹ کو نشانہ بنا جو یورپ کا سب سے بڑا جوہری پاور پلانٹ ہے۔
انہوں نے کہا کہ روس کی شیلنگ سے جوہری پاور پلانٹ میں آگ لگ گئی ہے اور اگر اس کے نتیجے میں دھماکا ہوا تو بڑی تباہی کا خدشہ ہے۔
انہوں نے روس سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر جنگ بندی کرے اور فائر فائٹرز کو متاثرہ مقام پر جانے کی اجازت دے اور سیکیورٹی زون کا قیام عمل میں لائے۔