طالبان سے بات چیت کے بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا: بھارتی وزیرِ خارجہ
بھارت کے وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر نے کہا ہے کہ بھارت افغانستان کی صورتِ حال پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہے اور جنگ زدہ ملک سے اپنے شہریوں کو بحفاظت نکالنا اس کی ترجیح ہے۔
وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر نے نیویارک میں اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کے بارے میں بھارت کا رُخ افغان عوام سے تعلقات کی بنیاد پر طے ہو گا۔ افغان عوام کے ساتھ بھارت کے تاریخی تعلقات باقی رہیں گے۔
افغانستان کی موجودہ صورتِ حال اور طالبان سے بات چیت سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا۔
ان کے مطابق اس وقت ہم کابل کی بدلتی ہوئی صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور ہمیں یہ دیکھنا ہے کہ آگے کیا کرنا چاہیے۔
'مجھے کابل ایئرپورٹ کے باہر مسلسل فائرنگ کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں'
کابل ایئر پورٹ سے وائس آف امریکہ کی پاکستان اور افغانستان کی بیورو چیف عائشہ تنظیم افغانستان کی موجودہ صورتِ حال کا آنکھوں دیکھا حال بیان کر رہی ہیں۔
افغانستان: سوشل میڈیا صارفین کی فرینڈ لسٹ سرچنگ معطل
سوشل میڈیا سائٹ فیس بک، ٹوئٹر اور لنکڈ ان نے افغان شہریوں کے تحفظ کے لیے عارضی طور پر افغانستان میں فرینڈ لسٹ سرچنگ کو معطل کر دیا ہے۔
فیس بک کی سیکیورٹی پالیسی کے سربراہ نتھانیئل گلیچر نے اپنے ایک ٹوئٹ میں بتایا ہے کہ کمپنی نے افغان شہریوں کے لیے 'ون کلک ٹول' کا آپشن بھی متعارف کیا ہے کہ جس کی متعدد سے افغان صارف اپنے اکاؤنٹ کو لاک کر سکتے ہیں۔ یعنی فرینڈ لسٹ میں موجود نہ ہونے والے افراد اکاؤنٹ لاک ہونے کی صورت میں کسی کی ٹائم لائن تک رسائی حاصل نہیں کر سکیں گے۔
اسی طرح ٹوئٹر کا کہنا ہے کہ وہ لوگ جنہیں خطرہ ہے ان کے اکاؤنٹس کی معلومات اور ماضی میں کی گئی ٹوئٹس کو عارضی طور پر معطل کر دیا جائے گا تاوقتیکہ صارف خود سے رابطہ نہ کر لے۔
لنکڈ ان کے ترجمان کا بھی کہنا ہے کہ افغانستان کے صارفین کے لیے کنکشن کا آپشن عارضی طور پر معطل کر دیا تھا تا کہ ایک صارف دوسرے صارف کی معلومات تک رسائی حاصل نہ کر سکے۔
افغانستان سے 18 ہزار افراد کا انخلا مکمل کرلیا: نیٹو
مغربی ملکوں کے عسکری اتحاد (نیٹو) کے ترجمان نے جمعے کو جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ طالبان کے کابل پر قبضے کے بعد سے اب تک 18 ہزار سے زائد افراد کا انخلا کیا جا چکا ہے۔
نیٹو کے عہدیدار نے خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کو بتایا ہے کہ کابل ایئرپورٹ پر اب بھی ہزاروں کی تعداد میں افغان شہری موجود ہیں جو ملک چھوڑنے کے لیے بے تاب ہیں۔
نیٹو نے ایک ایسے وقت میں جب، مغرب پر افغانستان کی موجودہ صورتِ حال سے نمٹنے پر تنقید میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، انخلا کی کوششوں کو دوگنا کرنے کا عزم بھی ظاہر کیا ہے۔
دوسری جانب طالبان نے سفری دستاویزات کے بغیر کابل ایئرپورٹ کے دروازوں پر جمع ہونے والے شہریوں کو واپس گھروں کو جانے کی تاکید کی ہے۔
نیٹو اور طالبان کے ترجمان کے مطابق کابل میں اب صورتِ حال پُر امن ہے جب کہ اتوار کے بعد سے اب تک کابل ایئر پورٹ پر مختلف واقعات میں 12 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔