امریکہ کے محکمۂ خارجہ کا امریکی شہریوں کے انتباہ
امریکہ کے محکمۂ خارجہ نے کہا ہے کہ کابل کے ہوائی اڈے کے باہر ایک بڑا دھماکہ ہوا ہے۔ دھماکے کے بعد فائرنگ کی بھی اطلاعات ہیں۔
محکمۂ خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکی شہری کابل کے ہوائی اڈے کا سفر نہ کریں اور ہوائی اڈے کے دروازوں کی جانب بھی نہ جائیں۔
امریکہ کے شہریوں سے کہا گیا ہے کہ ان کو فوری طور پر ابے گیٹ، مشرقی، مغربی اور شمالی دروازوں سے ہٹ جانا چاہیے۔
برطانیہ اپنے اہلکاروں، شہریوں اور افغان شہریوں کی حفاظت کے لیے فکر مند
حامد کرزئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے باہر دھماکے کے بعد برطانیہ کی وزارتِ دفاع نے کہا ہے کہ وہ کابل میں ہونے والے معاملے اور اس کے انخلا پر اثرات کا جائزہ لے رہے ہیں۔
وزارتِ دفاع کا مزید کہنا ہے کہ سب سے اہم برطانیہ کے سیکیورٹی اہلکاروں، شہریوں اور افغانستان کے باشندوں کی حفاظت ہے۔
بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ برطانیہ امریکہ اوت نیٹو اتحادیوں سے رابطے میں ہے۔
کابل دھماکہ خود کش حملہ ہونے کا اندیشہ
کابل کے حامد کرزئی ایئر پورٹ کے باہر ہونے والے دھماکے کا خود کش حملہ ہونے کا اندیشہ ہے۔
رپورٹس کے مطابق دھماکے میں ایئر پورٹ کے باہر حفاظت پر مامور کئی طالبان بھی زخمی ہوئے ہیں۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق دھماکے میں غیر ملکی افواج کے اہلکاروں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔
کابل میں دو دھماکے، امریکی اور افغان شہریوں کی ہلاکتیں
امریکہ کے محکمۂ دفاع پینٹاگان کے ترجمان جان کربی نے کہا ہے کہ کابل کے حامد کرزئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے باہر ہونے والے دھماکے میں امریکیوں سمیت افغان باشندوں کی ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
جان کربی نے بیان میں مزید کہا کہ کابل کے ہوائی اڈے کے قریب واقع ایک ہوٹل میں بھی دھماکہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔